وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے کے پیش نظر مولانا آزاد اسٹیڈیم میں ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا جائے گا: رویندر رینہ

جموں//بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے 20 فروری کے دورہ جموں کے پیش نظر مولانا آزاد اسٹیڈیم میں ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔انہوں نے لوگوں سے اس ریلی میں جوق در جوق شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘جموں و کشمیر کے لوگوں کے لئے بہت ہی خوشی کی بات ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی 20 فروری کو جموں آ رہے ہیں جس دوران وہ یہاں کئی پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے اور کئی نئے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے’۔ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر کے لوگ وزیر اعظم کا شاندار استقبال کریں گے۔مسٹر رینہ نے کہا کہ ماضی میں جب بھی مودی جی نے جموں وکشمیر کا دور کیا ہے تو لاکھوں کی تعداد میں لوگ ان کو سسنے کے لئے جمع ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا: ‘آج جموں صوبے کے تمام علاقوں اور وادی کشمیر کے لوگ بھی مودی جی کی دیکھنے اور ان کو سننے کے لئے تیار ہیں’۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لئے ملک کے خزانے کھول دئے ہیں۔انہوں نے کہا: ‘جموں وکشمیر میں آج جو امن قائم ہے اور بھائی چارہ ہے یہ مرکزی حکومت اور وزیر اعظم کی ہی دین ہے’۔رویندر رینہ لوگوں سے اپیل کی کہ وہ مولانا آزاد اسٹیدیم میں منعقد ہونے والی ریلی میں شرکت کریں۔