سری نگر ملی ٹنٹ حملہ: زخمی غیر مقامی شہری دم توڑ گیا، ہلاکتوں کی تعداد 2 ہوگئی

سری نگر// سری نگر کے شالہ کدل علاقے میں بدھ کی شام مشتبہ ملی ٹنٹوں کے حملے میں شدید زخمی ہونے والا غیر مقامی شہری جمعرات کی صبح یہاں ایک ہسپتال میں دم توڑ گیا اور اس طرح اس حملے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 2 ہوگئی۔بتادیں کہ سری نگر کے شالہ کدل علاقے میں بدھ کی شام مشتبہ ملی ٹنٹوں نے پنجاب کے امرتسر سے تعلق رکھنے والے دو شہریوں امرت پال سنگھ اور روہت ماشی پر نزدیکی سے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں امرت پال سنگھ کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی جبکہ روہت ماشی شدید زخمی ہوگیا جس کو علاج و معالجے کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ حملے میں شدید زخمی ہونے والا روہت ماشی ولد پریم ماشی بھی جمعرات کی صبح یہاں شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، نائب صدر عمر عبداللہ، پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی،اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری ، بی جے پی جموں و کشمیر یونٹ کے ترجمان الطاف ٹھاکر نے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔