ہندوستان کا حصہ ہونے کا یقین رکھنے والوں کے لئے اپنی پارٹی کے دروازے کھلے ہیں:الطاف بخاری

سری نگر//جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری کا کہنا ہے کہ جو لوگ ہندوستان کا ایک مضبوط حصہ ہونے کا یقین رکھتے ہیں ان کے لئے اپنی پارٹی کے دروازے کھلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو ہمارے آئینی حقوق ہیں اپنی پارٹی ان کے حصول کے لئے لڑنا جاری رکھے گی۔سری نگر ٹارگیٹ کلنگ واقعے کو شرمناک قرار دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کہیں نہ کہیں ان واقعات کو روکنے میں ناکام ہو رہی ہے۔موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘لوگ جوق در جوق اپنی پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں ہمارے دروازے ان لوگوں کے کھلے ہیں جو ہندوستان ایک مضبوط حصہ ہونے کا یقین رکھتے ہیں’۔ان کا کہنا تھا کہ اپنی پارٹی آئینی حقوق حاصل کرنے کے لئے لڑتی رہے گی۔مسٹر بخاری نے کہا: ‘یہ مسئلہ نہیں ہے آج کون پارٹی میں شامل ہوا ماضی میں وہ جماعت اسلامی یا حریت کے ساتھ وابستہ رہے ہوں گے لیکن میرے لئے وہ سب جموں وکشمیر کے باشندے ہیں’۔سری نگر ٹارگیٹ کلنگ واقعے کو شرمناک قرار دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کہیں نہ کہیں ان واقعات کو روکنے میں ناکام ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکار کو چاہئے کہ ملوثین کی نشاندہی کرکے ان کو قرار واقعی سزا دیں۔پارلیمانی انتخابات کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کا انعقاد ہمارے لئے اہم ہے کیونکہ اس کے ساتھ لوگوں او ر ہماری امیدیں وابستہ ہیں۔