کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں بہتری سے لوگوں کو ٹھٹھرتی سردیوں سے راحت نصیب

سری نگر// وادی کشمیر میں خشک موسمی صورتحال کے بیچ شبانہ درجہ حرارت میں بہتری درج ہونے سے لوگوں کو ٹھٹھرتی سردیوں سے کسی حد تک راحت نصیب ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق سری نگر میں کم سے کم درجہ حررات منفی2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی3.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی 4.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام ے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.6 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی9.0 ڈگری سینٹی گریڈ، ضلع کرگل میں منفی7.3 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قصبہ دراس جو سائیبریا کے بعد دنیا کا دوسرا سرد ترین علاقہ ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی10.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر میں 23 جنوری تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ماہر موسمیات سونم لوٹس کے مطابق جموں و کشمیر اور لداخ یونین ٹریٹری میں درمیانی درجے کی مغربی ہوا داخل ہونے کے نتیجے میں 26 سے 28 جنوری تک ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری کا امکان ہے۔ادھر وادی میں سردیوں کے بادشاہ چالیس روزہ چلہ کلان کے 27 ویں دن بھی موسم خشک رہا اور ہلکی دھوپ چھائی رہی جس سے لوگوں کو پارکوں وغیرہ میں لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔چلہ کلان میں خشک اور قدرے گرم موسم کے بیچ نواجوں کو میدانوں میں دن بھر کھلتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے۔قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں چالیس روزہ چلہ کلان 21 دسمبر سے مسند اقتدار پر جلوہ افروز ہے۔چلہ کلان جو ’شہنشہاہ زمستان‘ کے نام سے بھی وادی کے قرب وجوار میں مشہور ہے،21 دسمبر سے شروع ہو کر 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوجاتا ہے۔