جموں و کشمیر اور لداخ میں 26 سے 28 جنوری تک درمیانی درجے کی برف باری متوقع:سونم لوٹس

سری نگر//محکمہ موسمیات کے مطابق جموں و کشمیر اور لداخ یونین ٹریٹری میں جاری خشک موسمی صورتحال کا سلسلہ اگلے ہفتے کے دوران ختم ہونے کے امکانات نظر آنے لگے ہیں۔معروف ماہر موسمیات اور لیہہ میں محکمہ موسمیات کے سربراہ سونم لوٹس کا کہنا ہے کہ آج کے تجزیے کے مطابق ایک درمیانی درجے کی مغربی ہوا 26 سے 28 جنوری کے دوران جموں وکشمیر اور لداخ میں داخل ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں جموں وکشمیر اور لداخ میں کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری کا امکان ہے۔موصوف ماہر موسمیات نے یہ جانکاری منگل کے روز سماجی رابطہ گاہ ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ کے ذریعے فراہم کی۔قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر میں خاص طور پر وادی کشمیر میں خشک موسمی صوتحال جاری ہے جس سے یہاں کے تمام تر شعبہ ہائے حیات متاثر ہو رہے ہیں۔خشک موسمی صورتحال کے پیش نظر جہاں لوگوں بالخصوص کسانوں میں گونا گوں خدشات پائے جا رہے ہیں وہیں یہاں کے سیاحتی مقامات پر موجود سیاح بھی مایوس ہیں اور برف باری کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔