یوم جمہوریہ :جموں وکشمیر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات، جگہ جگہ جامہ تلاشیاں

سری نگر//یوم جمہوریہ کے پیش نظر جموں وکشمیر کے قرب و جوار بالخصوص حساس اضلاع میں سیکورٹی بندوبست کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔جموں نگروٹہ شاہراہ کو سیکورٹی فورسز نے پوری طرح سے سیل کیا ہے اور پنجاب سے آنے والی گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی کے بعد ہی انہیں آگے جانے کی اجازت دی جارہی ہیں۔کشمیر میں جہاں ناکوں کے جال کو مزید توسیع دی گئی ہے وہیں حساس مقامات پر سیکورٹی کی نفری میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور انہیں مزید چوکنا بھی رکھا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق سری نگرسمیت وادی کے باقی اضلاع میں سیکورٹی بندوبست کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ بعض مقامات پر سیکورٹی فورسز اہلکار سکوٹر سواروں کو روک کر ان کے بیگوں کی تلاشی لے رہے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ شہر سری نگر میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے لوگوں پر نظر گزر رکھی جارہی ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لا کر راہگیروں اور گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یوم جمہوریہ کے پیش نظر گرمائی راجدھانی سری نگر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ جگہ جگہ اضافی اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی جو راہگیروں اور مسافروں کی باریک بینی سے تلاشی لے رہے ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کی خاطر رات کے دوران فورسز کا گشت بھی بڑھایا گیا ہے۔دریں اثنا جنوبی کشمیر کے چار اضلاع شوپیاں، کولگام ، اننت ناگ اور پلوامہ میں بھی سیکورٹی فورسز کو مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سرگرم ملی ٹینٹوں اور ان کے معاونین کے خلاف پوری وادی میں بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا گیا ہے تاکہ امکانی حملوں کو رونما ہونے سے پہلے ہی ٹالا جاسکے۔دریں اثنا نامہ نگار نے جموں سے اطلاع دی ہے کہ وہاں پر بھی سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جموں شہر میں جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے اورمشکوک نظر آنے والے افرادکو تلاشی کے بعد ہی آگے جانے کی اجازت دی جارہی ہیں۔ان کے مطابق جموں پٹھان کورٹ شاہراہ پر ناکوں کا جال بچھایا گیا اور پنجاب سے آنے والی گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر جموں شہر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ایل او سی اور بین الاقوامی سرحد پر بھی چوکسی بڑھائی گئی ہے۔