ڈی جی بی ایس ایف کا جموں دورہ سیکورٹی اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا

جموں//بارڈر سیکورٹی فورس ( بی ایس ایف) کے ڈائریکٹر جنرل نتن اگروال نے بدھ کے روز جموں میں سیکورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔معلوم ہوا ہے کہ ڈی جی بی ایس ایف نے اگلی چوکیوں کا بھی دورہ کیا۔بی ایس ایف کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل نتن اگوال نے بدھ کے روز جموں وکشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔انہوں نے بتایا : ‘ڈائریکٹرجنرل بی ایس ایف نے ایل او سی پر آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے بین الاقوامی سرحد کے اگلے علاقوں کا دورہ کیا’۔ڈی جی نے وہاں تعینات جوانوں کے ساتھ بات چیت کی اور مشکل حالات میں ان کی بہترین کار کردگی کی سراہنا کی’۔انہوں نے کہاکہ بی ایس ایف سربراہ نے سرحدوں پر تعینات افواج کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ سخت ترین موسمی صورتحال کے دوران بھی جوان اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔بی ایس ایف چیف اگروال نے مختلف سرحدی چوکیوں کا دورہ کیا اور فیلڈ فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں کا مشاہدہ کیا۔ترجمان نے کہا، “انہوں نے بی ایس ایف جوانوں کو سرحد پر موثر تسلط میں اپنا بہترین کام جاری رکھنے کی تلقین کی تاکہ سرحد پار سے مسلسل چیلنجوں کو ناکام بنایا جا سکے۔”انہوں نے بتایا کہ فوج کی کوششوں کے نتیجے میں ہی لائن آف کنٹرول پر اس وقت امن و امان قائم ہے۔ٰبی ایس ایف چیف نے سرحد پر تعینات جوانوں کو بتایا کہ امن دشن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر مزید چوکسی برتنے کی ضرورت ہے۔اس سے قبل ڈائریکٹر جنرل بی ایس ایف کو سینئر آفیسران نے سرحدوں کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔انہیں مخالفین کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ بی ایس ایف چیف نے بارڈر سیکورٹی فورس کے سینئر آفیسران کے ساتھ میٹنگ کی اور لائن آف کنٹرول پر قائم مستحکم دراندازی مخالف گرڈ کی سراہنا کی۔