قومی شاہراہ پر چوری کرنے والوں کی بین الریاستی گینگ کا پردہ فاش

اکھنور میں پولیس نے پانچ نوجوانوں کو کیاگرفتار، مزید گرفتاریاں متوقع

اُڑان نیوز نیٹ ورک

جموں(اکھنور)//پولیس نے جموں پونچھ شاہراہ پر چوریاں کرنے والے ایک بین الریاستی گینگ کا پردہ فاش کیا ہے جوکہ چوری وڈکیتی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث ہے۔ اس سلسلہ میں پانچ نوجوانوں کو حراست میں لیاگیا ہے جبکہ مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ 16اکتوبر 2023کو کھڑک کالاکوٹ سے تعلق رکھنے والے پنٹو شرما نامی شخص نے پولیس تھانہ اکھنور میں شکایت درج کرائی کہ 14اور15اکتوبر کی درمیانی شب وہ ٹاٹاموبائل/بلیرو گاڑی میں جموں سے بطرف کالاکوٹ جارہے تھے جب کاپا گالا علاقہ میں پہنچے تو عدم شناخت نوجوانوں نے اُن پر حملہ کر کر کے اُن سے 25ہزار روپے نقد اور دوموبائل فون چھین لئے۔اس شکایت کی بنا پر پولیس تھانہ اکھنور میں ایف آئی آر نمبر281/2023درج کی گئی۔ ایس ڈی پی او اکھنور موہن شرما ،ایس ایچ او اکھنور ظہیر مشتاق اور چوکی انچارج چوکی چورہ پنکج کٹوچ پر مشتمل تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم نے دوران ِ تحقیقات ٹیکنیکل شواہد اور کرائم ڈاٹا کا تجزیہ کیا اور اس دوران پایاگیا اسی نوعیت کے جرائم کا سلسلہ وار ارتکاب مختلف اضلاع میںکیاگیا ہے۔ شک کی بنیاد پر تحقیقاتی ٹیم نے محمد کبیر ولد فیروز دین سکنہ نیروجال تھنہ منڈی ضلع راجوری کو حراست میں لیا جس نے دوران ِ تفتیش مذکورہ معاملہ میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا اور چوری کی ایسی وارداتوں میں ملوث مزید چار افراد محمد غفور ولد محمد مقبول سکنہ گمبھیر مغلاں راجوری، ہارون رشید ولد عبدالرشید سکنہ تھنہ منڈی، ندیم خان ولد محمد کبیر سکنہ نیروجال تھنہ منڈی اور دانش حسین ولد عبدالرشید سکنہ کوٹی ڈوڈہ کے نام کا انکشاف کیا ۔ پولیس ترجمان نے بتایاکہ خصوصی ٹیم نے پنجاب، سانبہ، جموں اور راجوری میں متعدد مقامات پر چھاپوں کے دوران مذکورہ ملزمان کی گرفتاریاں عمل میں لائیں۔ ٹیم نے دو آلٹو کار زیر نمبراتJK06- 1356 اور JK11E- 6134، دو عدد موٹرسائیکل زیر نمبرات JK02- BJ-8918 اور JK02CD- 5689 کو ضبط کیاجنہیں ڈکیتی کے دوران استعمال کیاجاتا تھا۔ اس کے علاوہ دو موبائل فون اور تین تیز دھار اوزار(ٹوکے)بھی برآمد کئے گئے۔دوران تحقیقات مذکورہ ملزمان نے پولیس تھانہ نگروٹہ میں درج ایف آئی 368/2023, ، 380/2023, ،430/2023 اور437/2023 میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔صرف یہی نہیں بلکہ پولیس تھانہ گنگیال میں درج ایف آئی آر نمبر110/2023زیر دفعات392/323تعزیرات ِ ہند اور 4/25آرمذ ایکٹ، پولیس تھانہ منجاکوٹ میں درج ایف آئی آر88/2023زیر دفعات457/392/34تعزیرات ِ ہند، ایف آئی آر نمبر280/2023زیر دفعات392/458/34آئی پی سی، پولیس تھانہ دومانہ میں درج ایف آئی آر نمبر317/2023زیر دفعات392/458/34تعزیرات ہند ، پولیس تھانہ وجے پور میں درج ایف آئی آر149/2023زیر دفعہ392اور پولیس تھانہ جھجرکوٹلی میں درج ایف آئی آر نمبر239/2023زیر دفعہ392تعزیرات ِ ہند میں بھی مبینہ طور ملوث ہیں۔پولیس نے بتایاکہ یہ مشہور گینگ مختلف اضلاع میں پارکنک علاقوں اور شاہراو¿ں پر چوری میں ملوث تھی، جن کی گرفتاری بڑی کامیابی ہے۔ اس میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔ خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے پوری کارروائی ایس ایس پی جموں ونود کمار کی زیر نگرانی عمل میں لائی گئی ۔۔