پرائمری سکول لور پمروٹ کی عمارت غیر محفوظ طلباء کی جان خطرے میں،کسی انہونی سے قبل محکمہ نوٹس لے

امیرالدین زرگر۔
جموں//سب ضلع سرنکوٹ میں واقع گورنمنٹ پرائمری اسکول لورپمروٹ کی عمارت غیر محفوظ کسی بھی وقت عمارت گر سکتی ہے جس سے طلباء کی جانیں ضائع ہونے کا اندیشہ ہے محکمہ تعلیم کو فوری غور کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کوئی جانی نقصان نہ ہو۔ سرپنچ مہتاب شاہ بخاری نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ پرائمری اسکول لوہر پمروٹ کی عمارت پہلے سے ہی خستہ حالی کی شکار تھی اب سڑک کٹائی کی وجہ سے عمارت پوری طرح سے خطرے میں ہے جو کسی بھی وقت گر سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کئی مرتبہ محکمہ تعلیم کو مذکورہ عمارت کی خستہ حالی کے بارے جانکاری دی لیکن محکمہ کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔ اب منڈی پھاگلہ سڑک کٹائی کی وجہ سے عمارت پوری طرح زد میں آچکی ہے۔ ٹھیکیدار نے بھی اس عمارت پر رحم نہیں کھایا، کٹائی کے ساتھ ساتھ حفاظتی ڈنگا لگانا تھا لیکن صرف کٹائی کر کے چھوڑ دیا گیا۔ کسی بھی وقت عمارت گر سکتی ہے اگر کوئی بھی جانی مالی نقصان ہوا تو محکمہ تعلیم اور متعلقہ ٹھیکیدار ذمہ دار ہو گا۔