جموں میں لوگ گوناں گوں مشکلات کا شکار:بخاری انتظامیہ غیر سنجیدہ ، یکطرفہ عوام مخالف فیصلے لئے جارہے ہیں

اُڑان نیوز نیٹ ورک
جموں//اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے جمعرات کو دوسرے روز بھی، پارٹی صدردفتر گاندھی نگر جموں میں لیڈران کے ساتھ اہم میٹنگ کی جس میں انہوں نے مجوزہ بلدیاتی اور پنچایتی انتخابا ت کے لئے پارٹی کی تیاروں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوںنے کہا کہ جموں وکشمیر میں لوگ بنیادی امور کے تئیں انتظامیہ کے غیرسنجیدہ رویہ سے غیرمطمئن ہیں۔الطاف بخاری کی صدارت میں منعقدہ اِس اجلاس میں صوبائی صدر جموں سردار منجیت سنگھ اور سنیئر صوبائی نائب صدر جموں فقیر ناتھ ودیگر پارٹی لیڈران بھی موجود تھے۔ دوران ِ اجلاس لیڈران نے صدر موصوف کو جموں میونسپل کارپوریشن کے میونسپل وارڈوں میں پارٹی سرگرمیوں اور کام کاج بارے تفصیلی جانکاری دی ۔ انہوں نے سمارٹ سٹی پروجیکٹ کی ناقص عمل آوری، خستہ حال نکاسی نظام کی وجہ سے دوران ِ برسات نچلے رہائشی علاقوں کے زیر آب آجانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایاکہ جموں میونسپل وارڈوں میں بنیادی سہولیات مہیا کرنے میں انتظامیہ ناکام رہی ہے۔ سمارٹ میٹروں کی تنصیب کے بعد بجلی کے بہت زیادہ بل آنے کے بعد جموں پاورڈسٹریبوشن کارپوریشن لمیٹیڈ کیخلاف جموں کے مکینوں اور تاجر برادری میں غم وغصہ ہے ، جس کے خلاف سلسلہ وار احتجاجی مظاہرے کئے گئے مگر انتظامیہ ٹس سے مس نہیں۔ پارٹی لیڈران سے خطاب کرتے ہوئے الطاف بخاری نے بلا امتیاز لوگوں کے مسائل کو اُجاگر کرنے اور اُن کی فلاح وبہبودی کے لئے انتھک کام کرنے پر پارٹی لیڈران کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا’’اپنی پارٹی پرزور طیقہ سے سچ بولے گی، انتظامیہ عوام کی مشکلات کی پرواہ کئے بغیر اپنی من مرضی کے تحت کام کر رہی ہے جس سے لوگ سخت مشکلات کا شکار ہیں۔ پارٹی لیڈران کو بلدیاتی وپنچایتی انتخابات کے لئے تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے اپنی پارٹی صدر نے اُمیدظاہر کی کہ لوگ اپنی پارٹی لیڈران کے کام کی ستائش کریں گے اور پارٹی اُمیدواروں کی حمایت بھی کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اربن لوکل باڈیز انتخابات اُن لوگوں کے لئے چشم کشا ہوں گے جوکہ جموں کا مسیحیٰ ہونے کا دعویٰ کرتے تھے لیکن 2014اسمبلی انتخابات میں اقتدار میں آنے کے بعد اپنے لوگوں سے دھوکہ کیا۔ لوگوں کو اُمیدیں تھیں کہ اُن کی مشکلات میں کمی ہوگی لیکن جموں کو بنیادی سہولیات سے بھی محروم کیاگیا۔ سمارٹ سٹی پروجیکٹ کی شروعات سے ایکبار پھر لوگوں کو اُمید جاگی تھی کہ اب اُنہیں بہترسہولیات دستیاب ہوں گے لیکن یہ پروجیکٹ بھی ناکام ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا’’موجودہ صورتحال ایک تلخ حقیقت کوآشکار کرتی ہے کہ مقامی لوگ اُن کے مسائل کے تئیں انتظامیہ کے غیر معمولی رویہ پر حکام سے غیر مطمئن ہیں، اس لئے بلدیاتی انتخابات میں توجہ جموں کے بنیادی مسائل پر رہنے کا امکان ہے۔ اس مقصد کے لئے اپنی پارٹی جے ایم سی کے تمام وارڈوں میں مساوی ترقی فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے‘‘۔انہوں نے پارٹی لیڈروں سے کہاکہ وہ جموں میونسپل کارپوریشن کے ہروارڈ کا دورہ کریں۔ علاوہ ازیں صوبہ جموں کی دیگر میونسپل کمیٹیوں کا بھی دورہ کرکے لوگوں کے مسائل سُنیں۔ انہوں نے کہاکہ بجلی کے بحران اور پینے کے صاف پانی کی غیر تسلی بخش سپلائی سے جموں میونسپل کارپوریشن کی حدود اور مضافاتی علاقہ جات میں رہنے والے لوگ کئی قسم کی مشکلات کا شکار ہیں۔ ٹرانسپورٹروں کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ٹرانسپورٹ نگر جموں کاتجارتی مرکز ہے جس کو انتظامیہ نے مکمل طور نظر انداز کر رکھا ہے۔ ریلوے اسٹیشن جموں پر تاجر طبقہ اور ٹیکسی آپریٹروں بھی کئی قسم کے مسائل سے دو چار ہیں۔ مبارک منڈی پیلس اور سیاحتی اعتبار سے اہمیت کے حامل مقامات کو نظر انداز نہیں کیاجاسکتا۔ انتظامیہ لوگوں کی توقعات پر کھر ا اُترنے میں مکمل طور ناکام رہی ہے۔ لہٰذا جموں اور کشمیر میں بڑھتے مسائل کے ازالے کا واحد حل جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کا انعقاد ہے۔ اس سے قبل اجلاس میں صوبائی صدر جموں سردار منجیت سنگھ نے جموں میونسپل کارپوریشن وارڈوں اور میونسپل کمیٹیوں کی تفصیلات بتائی جہاں پر ترقی کے نام پر کروڑوں روپے خرچ کئے جانے کے باوجود لوگ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے میونسپل انتخابات کے لئے پارٹی لیڈران کی تیاریوں کی بھی تفصیل پیش کی۔ موصوف نے سمارٹ میٹروں کی تنصیب کیخلاف جموں صوبہ بھر میں احتجاجی مظاہرؤں بارے بھی بتایا۔ انہوں نے کہاکہ اپنی پارٹی نے سمارٹ میٹروں کی تنصیب اور سروڑٹول پلازہ کیخلاف سلسلہ وار احتجاج کئے کیونکہ اس سے جموں پٹھانکوٹ شاہراہ کی خستہ حالی کے باوجود لوگوں سے ٹیکس وصول کیاجارہا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کے ترقی کے بلند وبانگ دعوؤں میں کوئی صداقت نہیں کیونکہ ہرسوں لوگ بنیادی سہولیات کے لئے جوجھ رہے ہیں۔