جموں میں انہدامی کارروائی جاری

جموں//لوگوں کے احتجاج اور شدید غم وغصے کے باوجود انتظامیہ کی طرف سے سرکاری اراضی کو بازیاب کرانے کی کوششیں جموں وکشمیر کے سبھی علاقوں میں بیک وقت جاری ہیں۔ حکام کے مطابق ضلع جموں میں پولیس اور محکمہ مال افسران پر مشتمل ٹیم نے اہم مقام پر موجود63کنال رقبہ سرکار کو بازیاب کیا اور اِس اراضی کی قیمت کروڑوں میں ہے۔ اس انہدامی کارروائی میں 3پختہ ڈھانچوں اور چار دیواری کو بھی مسمار کیاگیا۔ توی فارم بشناہ پل کے نزدیکی ڈیلی گاؤں میں پرائم اسٹیٹ لیڈ21کنال بازیاب کی گئی۔ یہ اراضی قومی شاہراہ سے تقریباًایک کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے۔ ناجائز تجاوزات کو ہٹانے کی مہم کے دوران تحصیل جموں مغرب کے گاؤں گول میں 12کنال زمین بازاب کی گئی۔ حکام نے بتایاکہ محکمہ مال افسران کی ایک ٹیم نے پولیس کے ساتھ مل کر تجاوزات کرنے والوں سے اہم سرکاری اراضی واگزار کرائی اور موقع پر بورڈ بھی نصب کئے ۔ اسی طرح ایک اور بیدخلی مہم میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے تحصیل بھلوال گاؤں گھینک میں واقع 23 کنال 09 مرلہ سرکاری اراضی واگزار کرا لی جس پر سابقہ لیجسلیچر نے قبضہ کیاتھا۔