پرائمری سکول شرشی زون گندنہ کی عمارت خستہ حالی کا شکار طلباء مشکلات سے دوچار،انتظامیہ کی بے حسی پرلوگ خفا

دانش اقبال

ڈوڈہ/ ضلع ڈوڈہ کی پنچایت روتی پدرنہ میں پرائمری سکول شرشی زون گندنہ کی عمارت خستہ حالی کی شکار ہے جس کی وجہ سے بچے کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔ گورنمنٹ پرائمری سکول کی چند کمروں پر مشتمل عمارت برسوں سے خستہ حالی کا شکار ہے۔بنیادی سہولتوں سے محروم سکول میں اساتذہ بچوں کو زمین پر بٹھا کر تعلیم دینے پر مجبور ہیں۔مقامی لوگوں نے محکمہ تعلیم کی بے حسی کی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور اساتذہ بھی پریشان ہیں۔طالب علم بھی سکول کی زبوں حالی پر شکوہ کناں نظر آتے ہیں۔مقامی لوگوںمحمد سخی ملک ظفراللہ ملک ،فیاض احمد وانٹ ،اختر حسین وانٹ۔محمد شفی شیخ، کا کہنا ہے کہ انہیں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کیونکہ یہاں نہ فرنیچر ہے اور نہ ہی بچوں کے لئے بیٹھنے کے لئے کوئی انتظام ہے۔ جس وجہ سے سکول بھیڑ بکریوں کا آشیانہ بنا ہوا ہے۔30بچوں کے لئے صرف ایک اْستاد تعینا ت ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کو سکولوں کی تعمیرومرمت کی مد میں سالانہ بڑی رقم ملنے کے باوجود تعلیمی ادارے کی حالت ابتر ہے اور اساتذہ اور طلبہ کے لیے صورتحال پریشان کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خستہ حال سکول کی تعمیرومرمت کے لیے محکمہ کے حکام کو آگاہ کرچکے ہیں لیکن وہ کچھ نہیں کرتے۔ سکول کے طلبہ اور ان کے والدین نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں بنیادی سہولتوں سمیت اسکول کی نئی عمارت تعمیر کی جائے تاکہ وہ بہتر طورپر تعلیم حاصل کر سکیں۔