بیتابؔ جے پوری کے شعری مجموعہ ’’ناشنیدہ ‘‘کااقبال کاظمی کے ہاتھوں اجراء

اُردوصحافت اورادب کے میدان میں بیتاب ؔجے پوری کی خدمات ناقابل فراموش:مقررین
جموں//بیتاب ؔجے پوری کاشعری مجموعہ ’’ناشنیدہ ‘‘مالی وسائل نہ ہونے کے سبب 9سال انتظارکے بعدایک نوجوان قلمکارطارق ابرارؔنے مرتب اورکمپوزکرکے قومی کونسل برائے فروغ اُردوزبان نئی دہلی کے مالی تعاون سے چھپواکرمنظرعام پرلایا۔تفصیلات کے مطابق جموں وکشمیرکے مشہورومعروف بزرگ شاعر،ادیب اورصحافی بیتاب جے پوری کے شعری مجموعہ ’’ناشنیدہ‘‘کے رسم اجراء کی ایک پُروقارتقریب روزنامہ اُڑان جموں کے دفترمیں منعقدہوئی جس میں مدیراعلیٰ اخبارہذاسیداقبال حسین کاظمی نے معززشخصیا ت اورعملہ کی موجودگی میں کیا۔اس موقعہ پرخطاب کرتے ہوئے اقبال کاظمی نے کہاکہ بیتاب جے پوری صحافت اوراُردوادب کامعتبرنا م ہے جس نے ساری زندگی صحافت اورادب کودے کرانسانیت کی خدمت کے فریضے کوبحسن وخوبی انجام دیا۔انہوں نے کہاکہ بیتاب ؔجے پوری کے صحافتی اورادبی کام اورگراں قدرخدمات کوہمیشہ یادرکھاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ بہترمعاشرے کی تشکیل میں بیتاب جے پوری جیسے ادیبوں نے ہمیشہ نمایاں کرداراداکیاہے جس کوفراموش نہیں کیاجاسکتاہے۔انہوں نے بیتاب جے پوری ،مرتب طارق ابراراوربیتاب جے پوری کے اہل خانہ کو’’ناشنیدہ ‘‘کے اجراء پرمبارکبادپیش کی ۔انہوں نے کہاکہ بیتاب جے پوری جیسے معتبرادیبوں اورصحافیوں کی قدراورفن شناسی وقت کی ضرورت ہے اوراگرطارق ابرارکتاب کوکمپوزکرکے مرتب نہ کرتاتوشایدیہ کتاب منظرعام پرنہ آتی جس کیلئے میں طارق ابرارکوبھی اس کتاب کی اشاعت کیلئے مبارکبادکاحقدارسمجھتاہوں۔اس دوران تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روزنامہ اُڑان کے منیجنگ ایڈیٹر تنویراحمدخطیب نے کہاکہ بیتاب جے پوری نے سماج میں بطورصحافی ،شاعراورادیب بہت شاندارکرداراداکیاہے اورآج بہت ہی خوشی کاموقعہ ہے کہ اعلیٰ پایہ کے شاعروصحافی بیتاب جے پوری کے شعری مجموعہ ’’ناشنیدہ ‘‘کاروزنامہ اُڑان سے ہوا۔انہوں نے کہاکہ روزنامہ اُڑان میں بیتاب صاحب نے ایک دہائی سے زیادہ وقت تک خدمات انجا م دیں اوران کی قابل قدرادبی وصحافتی خدمات کی جتنی ستائش کی جائے کم ہے۔تنویرخطیب نے بھی بیتاب جے پوری اورکتاب کے مرتب طارق ابرارکومبارکبادپیش کی۔انہوں نے بیتاب جے پوری اوران کے اہل خانہ کے تئیں نیک خواہشات کااظہارکیا۔اس موقعہ پرخیالات کااظہارکرتے ہوئے طارق ابرارنے کہاکہ کتاب کامسودہ 2013سے کمپوزکرکے رکھاہواتھالیکن مالی وسائل ہونے کی وجہ سے منظرعام پرنہیں آسکاتھا۔لیکن 2021 میں قومی کونسل برائے فروغ اُردوزبان کوجب ناچیزنے اس شعری مجموعہ کامسودہ بھیجاتواس ادارے نے اس کی مالی معاونت دینے کی منظوری دی اورپھراس کوبالآخرچھپوایاگیا جس کیلئے میں ذاتی طورپراین سی پی یوایل کاشکرگزارہوں۔

اس کتاب کومنظرعام پرغلطیوں سے پاک بنانے ،ان پرتبصرے لکھنے اوران کولائبریروں تک پہنچانے میں چندادبی شخصیات بشمول آنجہانی عرش صہبائی ،پروفیسرقدوس جاوید،اسیرؔکشتواڑی ،پرویزمانوس وغیرہ نے بھی تعاون دیاجس کیلئے میں ان کامشکورہوں۔طار ق ابرار نے کہاکہ ایسے ادیبوںجنہیں مالی دشواریوں کاسامناہے اوروہ چل پھرنہیں سکتے ،ان کی تخلیقا ت کو منظرعام پرلانے کیلئے ادباء وشعراء اورنوجوانوں کوآگے آکراپنارول اداکرنے کی ضرورت ہے۔اس موقعہ پربیتاب جے پوری نے روزنامہ اُڑان کے مدیراعلیٰ سیداقبال حسین کاظمی، تنویراحمدخطیب ،طارق ابرارودیگران کاکتاب کے اجراء اوراس کی اشاعت کے سلسلے میں تعاون دینے کیلئے شکریہ اداکیا۔کی اہلیہ ،محمدشفیع میر،خالدبن لطیف ،الطاف جنجوعہ ،دانش اقبال ، ٹیناشرما،محمدرمضان ودیگران بھی موجودتھے۔اس شعری مجموعے کوآزادبُک ویژن جموںنے شائع کیاہے ۔یہ مجموعہ 105 غزلیات اور150 صفحات پرمشتمل ہے اوراس کتاب کاانتساب بیتاب جے پوری نے اُن قلمکاروں کے نام کیاہے جومالی وسائل نہ ہونے کی وجہ سے اپنی تخلیقات منظرعام پرنہ سکے ہیں۔