سابقہ ایم ایل سی ، گلوکار، شاعروادیب چوہدری گلزار حسین چل بسے

الطاف حسین جنجوعہ
جموں//ضلع راجوری کے دھنور علاقہ سے تعلق رکھنے والی معروف سیاسی، سماجی اور ادبی شخصیت چوہدری گلزار حسین انتقال کرگئے ۔90سالہ چوہدری گلزار حسین 1947,65اور1971کے معرکہ آرائیاور قیمتی جانوں کے چشم دید تھے۔وہ 1961-66کے دوران بخشی غلام محمد کے دور میں کانگریس کی ٹکٹ پر رکن قانون ساز کونسل بھی رہے ۔ وہ عرصہ درراز سے عارضہ ِ قلب میں مبتلا تھے۔ اُن کی وفات 10جون 2021کو شامل لگ بھگ 6بجے ہوئی۔ نماز جنازہ ڈنی دھار راجوری میں ادا کی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ پسماندگان میں چار بیٹے ہیں جن میں بھارتیہ جنتا پارٹی لیڈر اور بی ڈی چیئرمین چوہدری دبار اور چوہدری انعام حفیظ شامل ہیں۔وہ سیف الملوک اور مولانا روم کی مثنوی کو انتہائی خوبصورت اور مترنم آواز میں گاتے تھے جس سے پورے مجمع پر عجیب ساسماں طاری ہوجاتاتھا اور کئی لوگ زار وقطار رونا شروع کردیتے تھے۔ قبائلی طبقہ جات کی فلاح وبہبودی اور زبان وادب کی ترقی وترویج سے متعلق جموں وکشمیر میں وقتاًفوقتاًقائم ہونی والی کئی کمیٹیوں کے وہ ممبر بھی رہے ہیں۔وہ اُردوگوجری میں12کتابوں کے مصنف تھے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے از خود یہ بات بھی بتائی تھی کہ سال 1947کو سرینگر میں مہاتما گاندھی کے دورہ کے دوران ، انہوں نے اُن سے ملاقات کی تھی جس میں جموں وکشمیر کے سیاسی مستقبل متعلق بات ہوئی۔سال 1931کو جموں اکھنور میں اپنے زمانے کی مشہور شخصیت چوہدری دیوان علی کے ہاں چوہدری گلزار پیدا ہوئے۔ اُن کے والد ضلع دار اور گوجر جاٹ کانفرنس کے بانی ممبر تھے۔ وہ ایک بہترین مقرر تھے۔ کئی روحانی ودینی تنظیموں سے وابستہ تھے۔ فارسی، اُردو، عربی، سنسکرت کے علاوہ علاقائی زبانوں پر اچھی دسترس تھی۔ انہوں نے روحانی تسکین کے لئے متحدہ عرب امارات، ایران، عراق، ترکی سمیت کئی ممالک کا دورہ بھی کیاتھا۔ راجوری یونیورسٹی کے سابقہ وائس چانسلرڈاکٹر مسود چوہدری، قبائلی محقق ڈاکٹر جاوید راہی، ڈی ڈی سی چیئرپرسن ضلع راجوری ایڈووکیٹ نسیم لیاقت، راجوری یونیورسٹی کے ایسو سی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر رفیق انجم ، کے ڈی چوپڑہ، سابقہ وزیر اعجاز احمد خان، سابقہ ایم ایل سی محمد رشید قریشی،سابقہ وزیر چوہدری ذوالفقار علی، نیشنل کانفرنس لیڈر مظفر اقبال خان سمیت کئی سیاسی سماجی ، ادبی اور دینی شخصیات نے چوہدری گلزار کی وفات پر دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔