ایم ڈی جے پی ڈی سی ایل نے بجلی فیس کی وصولیابی

اور
مرکزی معاونت والی سکیموں کے تحت جاری پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا
اڑان نیوز
جموں//منیجنگ ڈائریکٹر جموں پاور ڈسٹریبیوشن کارپوریشن لمٹیڈ یشا مدگل نے کل بجلی فیس کی وصولیابی ، مرکزی سکیموں کے تحت جاری پروجیکٹوں کی پیش رفت اور کارپوریشن سے متعلق دیگر معاملات کا جائیزہ لینے کیلئے میٹنگ منعقد کی ۔ جس کے دوران بجلی فیس کی وصولیابی ، پروجیکٹوں پر دوبارہ کام شروع کرنے اور التوا میں پڑے پروجیکٹوں کی تکمیل کیلئے ہدف مقرر کرنے پر غور و خوض ہوا ۔ ترسیلی و تقسیم کاری نظام کو مستحکم بنانے کیلئے مرکزی معاونت والی سکیموں پر جاری کام میں سرعت لانے کیلئے لایحہ عمل پر مفصل غور و خوض ہوا ۔ ٹرانسفارمروں کی مرمت کی ورکشاپوں کو مستحکم بنانے اور بجلی کی تقسیم میں باقاعدگی لانے کے علاوہ دیگر معاملات بھی میٹنگ میں زیر غور لائے گئے ۔ چیف انجینئر جے پی ڈی سی ایل نے بجلی فیس کی وصولیابی کیلئے صوبہ وار اہداف کے بارے میں بھی میٹنگ میں تفصیل دی ۔ ایم ڈی نے محکمہ کے سینئر اہلکاروں کو بجلی فیس کی وصولیابی میں بہتری لانے کیلئے ایک لایحہ عمل مرتب کرنے اور بجلی فیس مقررہ مدت کے اندر وصول کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو جاری پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھانے کیلئے کہا ۔ انہوں نے انجینئروں کو اپنے متعلقہ علاقوں میں بجلی چوری کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے کی ہدایت دی اور اس جرم میں ملوث افراد کے غیر قانونی بجلی کنیکشن کاٹنے کی ہدایت دی ۔ چیف انجینئر پروجیکٹس جے پی ڈی سی ایل اور محکمہ کے دیگر سینئر انجینئرصاحبان میٹنگ میں موجود تھے ۔