حدمتارکہ پر بھارت پاک افواج کے درمیان منکوٹ ،نوشہرہ اور سندربنی سیکٹر میں گولہ باری کا تبادلہ

جمشید ملک
راجوری //مینڈھر//جموں کشمیر کے پونچھ اور راجوری اضلاع میں لائن آف کنٹرول پر بدھ کے روز ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔اطلاعات کے مطابق ضلع پونچھ کے منکوٹ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر بدھ کی صبح ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان شدید گولہ باری کا تبادلہ شروع ہوا۔تاہم فی الاوقت کسی بھی جانب کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ادھر ضلع راجوری کے نوشہرہ اور سندربنی سیکٹر میں بھی بدھ کے روز لائن آف کنٹرول پر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔نوشہرہ کے کلال اور ڈیک میں فوجی چوکیوں کے ساتھ شہری آبادی کو نشانہ بناکر ماٹر شل دیگے تاہم تازہ گولے باری میں کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہین ہوئی تاہم گولے باری کے بعد ایک بار پھر سے کئی اسکولوں میں میں طلبا پھنس گئے ۔دھماکوں کی آواز سے پورا علاقہ گونج اوٹھا ۔دفاعی ترجمان نے بتایا کہ ضلع راجوری کے نوشہرہ اور سندربنی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر بدھ کی صبح قریب ساڑھے دس بجے پاکستانی فوج نے ہندوستانی چوکیوں پر گولہ باری اور فائرنگ شروع کی۔انہوں نے بتایا کہ ہندوستانی فوج نے اس بلا اشتعال فائرنگ کا بھر پور موثر جواب دیا۔قابل ذکر ہے کہ پلوامہ خود کش دھماکے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سرحدوں پر تناؤ مزید بڑھ جانے کے باعث سرحدی علاقوں کے لوگوں میں خوف وہراس پیدا ہوا ہے۔کئی بستیوں کے مکین نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوئے ہیں اور ان علاقوں کے تعلیمی ادارے بند رہنے کی وجہ سے طلبا کا تعلیمی مستقبل مخدوش بن گیا ہے۔