سکولوں کی سرمائی تعطیلات میں مزید توسیع نہیں ہوگی افسران کو مقررہ وقت پر امتحانات منعقد کرانے کی ہدایت

اڑان نیوز
جموں//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی ، جوکہ محکمہ تعلیم کے انچارج بھی ہیں ،نے کہاکہ تعلیمی اداروں کی سرمائی تعطیلات میں 9؍مارچ کے بعد مزید توسیع نہیں ہوگی اور تمام سکول و کالج 11؍ مارچ کو کھلیں گے ۔یہ بات آج اُنہوں نے یہاں ایک اعلیٰ سطح کی ایک میٹنگ کے دوران کہی جس میں کئی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں ، کالجوں کے پرنسپلوں اور ناظم تعلیم کشمیر کے علاوہ دیگر کئی افسران نے شرکت کی۔مشیر موصوف نے افسران کو سکولوں میں معمول کی سرگرمیاں شروع کرنے کے لئے تیاریاں کرنے کی ہدایت دی۔ میٹنگ میں کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد، کلسٹر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر شیخ جاوید احمد، اِسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر مشتاق احمد صدیقی اور سینٹرل یونیورسٹی کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر معراج الدین، صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان، ڈی آئی جی وسط کشمیر وی کے بردی ، ڈپٹی کمشنر سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری ، ناظم تعلیم کشمیر محمدیونس ملک اور دیگر کئی افسران بھی موجود تھے۔میٹنگ میں تعلیمی اداروں میں امتحانات منعقد کرانے کے معاملے پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ خورشید احمد گنائی نے سبھی امتحانات وقت مقررہ پر منعقد کرانے کی ہدایت دی۔خورشید احمد گنائی نے امتحانات کے احسن انعقاد کے لئے مختلف محکموں اور ایجنسیوں کے مابین قریبی تال میل پر زور دیا۔خورشید احمد گنائی نے کہا کہ امن و قانون کی کسی بھی طرح کی صورت حال میں امید واروں کے رول نمبر کارڈ کرفیو پاس تصور کئے جانے چاہئیں تاکہ امتحانات کے عمل میں کوئی رُکاوٹ پیش نہ آئے۔مشیر موصوف نے تعلیمی اداروں کے سربراہاں سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ طالب علموں کا وقت ضائع نہ ہو اور ضرورت پڑنے کی صورت میں اضافی کلاس لینے کے انتظامات کریں۔یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں اورکالجوں کے پرنسپلوں نے مشیر موصوف کو یقین دلایا کہ طالب علموں کے مفاد کے لئے ہر طرح کے بامعنی اقدامات کئے جائیں گے۔امتحانات کے پُر امن انعقاد کے لئے صوبائی کمشنر کشمیر اور ڈی آئی جی وسطی کشمیر نے ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا۔