دہشت گردی کے سرپرستوں کو پیغام دیاجاچکا ہے: مودی

مدھیہ پردیش (دھار)// وزیر اعظم نریندر مودی نے کل پاکستان کا نام لئے بغیر انتباہ بھرے لہجے میں کہا کہ دہشت گردوں اور دہشت گردی کے سرپرستوں کو بتا دیا گیا ہے کہ وہ اگر اب بھی نہیں سدھرے تو ان کا کیا کیا جائے گا۔مودی کل مدھیہ پردیش کے ضلع دھار کے ہیڈکوارٹر پر بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے منعقدہ وجے سنکلپ ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ 14 فروری کو ہوئے پلوامہ حملے کے بعد ان کا 16 فروری کو دھار کا دورہ رد ہو گیا تھا، لیکن اب وہ ایسے وقت میں آئے ہیں، جب ایئر فورس نے حملہ آوروں کے گھر میں گھس کر اس حملے کا منہ توڑ جواب دے دیا ہے۔اسی سلسلے میں مسٹر مودی نے کہا کہ ہندوستان نے اب دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو ڈنکے کی چوٹ پر بتا دیا ہے کہ ان کے پاس سدھرنے کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں بتا دیا گیا ہے کہ وہ اگر اب بھی نہیں سدھرے تو ان کے ساتھ کیا ہو گا۔دہشت گردی کے آقاؤں کو یہ پیغام دیاجانا ضروری تھا۔