پونچھ میںکنٹرول لائین پر فائرنگ سرحدی علاقہ کے رہائشیوں میں خوف و ہراس

اڑان نیوز
پونچھ// سرحدی ضلع پونچھ میں اتو ار کو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر ہند و پاک افواج کے مابین فائرنگ کے تبادلے سے سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوںمیں ایک بار پھر خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہو گیا ہے ۔ فائرنگ کا یہ تبادلہ اس وقت ہوا جب بیشتر سرحدی علاقوں میں فصل کاٹی جارہی ہے۔ پونچھ کے ایک مقامی سماجی کارکن ظہیر خان نے یو این آئی سے بات کر تے ہوئے کہا کہ اتو ار کو دگوار سیکٹر میں ہند پاک افواج کے درمیان بندوقوں کی گن گرج کی وجہ سے سر حدی علاقوں میں بسنے والو ں لوگوں میں ایک با ر پھرخوف و دہشت کا ماحو ل پیدا ہو گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا ’ سر حدی علاقو ں میں اس وقت مقامی کسان فصل کٹائی کا کام کر رہے ہیں لیکن گزشتہ روز کی گولہ باری سے خوف زدہ ہو گئے ہیں۔ انہیں یہ خوف لاحق ہے کہیں فائرنگ پھر سے شروع نہ ہو۔ مسلسل فائرنگ کی وجہ سے ان کا جانی اور مالی نقصان ہوسکتا ہے‘۔ ظہیر خان نے بتایا کہ دونوں ممالک کو سب سے پہلے سرحدوں پر جاری جنگ بندی کی خلاف ورزیاں روکنی چاہیں۔ ان کا کہنا تھا ’ گولہ باری اور گن گرج سے سرحدوں پر مقیم آر پار آبادی کو زبردست مشکلات اور مسائل کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔ دونوں ممالک کو ایسے اقدامات اٹھانے چاہیں جن سے خوشگوار ماحول قائم ہوسکے‘ ۔ مقامی با شند ے ما جد کھٹا نہ نے بتایا کہ ایل او سی پر تازہ فائرنگ سے مقامی لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے ۔انہوں نے بتایا ’ہم اس سیزن میں اپنے گھر چھوڑ کر بھی نہیں جاسکتے۔ یہ فصل کاٹنے کا وقت ہے۔ دونوں ملکوں کو بات چیت کرکے کشیدگی کو ختم کرنا چاہیے۔ مسلسل کشیدگی سے ہم غریب مارے جاتے ہیں‘۔