سوشل میڈیا پر امرناتھ یاتریوں پرحملے کی غلط خبریں پھیلانے ڈرائیوروں کیخلاف مقدمہ درج

سوشل میڈیا پر امرناتھ یاتریوں پرحملے کی
غلط خبریں پھیلانے ڈرائیوروں کیخلاف مقدمہ درج
الطاف حسین جنجوعہ
جموں// پولیس نے جموں میں امرناتھ یاتریوں پر حملے کی جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلانے والے ٹیکسی ڈرائیوروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ اس سلسلہ میں پولیس تھانہ تریکوٹہ نگر میں ایف آئی آر زیر نمبر173/2018زیر دفعات147/427/505آر پی سی اور 2/22ٹورسٹ ٹریڈنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیاہے۔ ذرائع کے مطابق منگل مارکیٹ جموں میں ٹریول ایجنسی چلانے والے کچھ افراد نے امرناتھ یاتریوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانے کے لئے ریاست کے باہر سے ٹیکسیاں بلائی ہیںجنہوں نے سوشل میڈیا پر امرناتھ یاتریوں پر حملہ کی غلط خبرچڑھائی۔بتایاجاتاہے کہ مقامی ٹیکسی ایجنسیوں سے وابستہ کچھ ڈرائیور ٹریول ایجنسی باہر سے ٹیکسیاں بلانے ناراض ہوئے اور ریاست کے باہر سے بلائی گئی ان ٹیکسیوں کے شیشے توڑ ڈالے‘۔ ان ٹیکسیوں کے ڈرائیوروں نے پولیس میں شکایت درج کرنے کے بجائے سوشل میڈیا پر جھوٹی اور من گھڑت خبریں پوسٹ کیں‘۔ انہوں نے بتایا ’ان من گھڑت خبروں کی وجہ سے امرناتھ یاتریوں میں خوف وہراس پیدا ہوگیا ہے۔ ہم نے اس مذموم حرکت کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ملوثین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے‘۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ملوثین کے خلاف ترکوٹہ نگر پولیس تھانہ میں مقدمہ درج کیاگیا ہے اور ان کی گرفتاری کے لئے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔