کونسل کی محکمہ جاتی اسٹینڈنگ کمیٹی نے محکمہ داخلہ کے کام کاج کا جائزہ لیا

اڑان نیوز
جموں//جموں وکشمیر قانون کونسل کی محکمہ جاتی سٹینڈنگ کمیٹی کی میٹنگ کل ایم ایل سی سریندر کمار چودھری کی صدارت میں منعقد ہوئی جس دورا ن محکمہ داخلہ کے کام کاج کا جائزہ لیا گیا۔ارکان اسمبلی شوکت حسین گنائی ، ٹھاکر بلبیر سنگھ، ایس چرنجیت سنگھ ، غلام نبی مونگا اور فردوس احمد ٹاک نے اس میٹنگ میں شرکت کی۔پرنسپل سیکرٹری داخلہ آر کے گوئیل ، سپیشل ڈی جی پولیس ہیڈ کوارٹر وی کے سنگھ، اے ڈی جی سیکورٹی منیر خان، آئی جی پی جموں ایس ڈی سنگھ ، آئی جی پی آرمڈ دانش رانااور محکمہ پولیس کے کئی دیگر افسروں نے بھی میٹنگ میں شرکت کی اور داخلہ محکموں کی مختلف شاخوں کی سرگرمیوں کے بارے میںکمیٹی کو جانکاری دی۔کمیٹی نے پولیس محکمہ کے کام کاج سے جڑے امور کو زیر بحث لا کر کئی نکات کی نشاندہی کی جن میں بہتری لانے کی کافی گنجائش موجود ہے ۔کمیٹی نے کہا کہ لداخ خطے کے لئے ایک علاحدہ پولیس رینج ہونا چاہیئے تاکہ نظام کو مزید موثر بنایا جاسکے ۔ کمیٹی نے کرگل کے لئے ایک خواتین پولیس سٹیشن قائم کرنے کی تجویز بھی رکھی ۔کمیٹی نے پولیس اور سیکورٹی تنصیبات کے نزدیک سرکاری زمین پر سے ناجائز قبضہ ہٹانے کے لئے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی۔اس موقعہ پر محکمہ پولیس کی جدید کاری ، بنیادی ڈھانچے کو بڑھاو ا دینے اور لداخ خطے میں پولیس اہلکاروں کے تبادلے اور تعیناتی جیسے معاملات بھی زیر بحث لائے گئے ۔سپیشل سیکرٹری قانون ساز کونسل محمد اشرف وانی ، کونسل سیکرٹریٹ کے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔