بالی نے ایس ایم جی ایس ہسپتال میں اضافی بلاک پر جاری تعمیر اتی کام کا معائینہ کیا

جموں//صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے آج ایس ایم جی ایس ہسپتال میں مجوزہ اضافی بلاک کی تعمیر کی سائیٹ کا معائینہ کیا جس کی تکمیل کی بدولت گائنی کالوجی وارڈ اور لیبر روم کو استحکام بخشا جاسکے گا۔انہوںنے اس موقعہ پر پروجیکٹ کے ڈی پی آر پر بھی غور و خوض کیا۔پرنسپل سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹرپون کوتوال ، پرنسپل جی ایم سی ڈاکٹر سنندارینہ ، ایس ای آر اینڈ بی ڈی آر بھگت ، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ مدن لال ، ایچ او ڈی گائنی ڈاکٹر اندو کول ، میڈیکل سپرا نٹنڈنٹ ایس ایم جی ایس ڈاکٹر آر اکے سانگرا ،ڈپٹی میڈیکل سپرا نٹنڈنٹ ڈاکٹر میناکشی کوتوال اس موقعہ پر موجو دتھے۔وزیر نے انجینئروں کو ہدایت دی کہ وہ لگ بھگ تین سو گاڑیو ں کے لئے ایک کثیرالمنزلہ پارکنگ کے لئے مناسب جگہ کی نشاندہی کریں۔انہوں نے ایک جدید لیبارٹری کو قائم کرنے ، گائنی وارڈ اور لیبر روم میں تین سو بستروں کی اضافی جگہ کا انتظا م کرنے کی بھی ہدایت دی۔میڈیا افراد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ جی ایم سی اور ایس ایم جی ایس ہسپتالوں میں مریضوں کا رَش پچھلے چند برسوں سے بہت بڑھ گیا ہے اور ان مریضو ں کے لئے مزید بسترو ں کی گنجائش پیدا کرنے کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک بسترے پر تین مریضوں کے لئے جگہ بنانی پڑتی ہے جس سے متعلقہ مریضوں کو کافی دشواریوں کا سامنا کرناپڑتا ہے ۔اس سلسلے میں حکومت نے فیصلہ کیا کہ ان دونوں ہسپتالوں میں مریضوں کو داخل کرنے اور انہیں بہتر طبی نگہداشت فراہم کرنے کے لئے جگہ کی گنجائش میں اضافہ کیا جائے ۔