پھولبانی نفع بخش صنعت : جاوید مصطفی میر محکمہ کے کام کاج کو مزید فعال بنانے کی ضرور ت پر زور دیا

اڑان نیوز
جموں//پھولبانی کے وزیر جاوید مصطفی میر نے کہا ہے کہ پھولبانی شعبے میں کافی وسائل موجود ہیں لہٰذا کسانوں بالخصوص نوجوانوں کو ان وسائل اور اس کے فوائد کے بارے میں روشناس کرانے کی اہم ضرورت ہے ۔ان باتوں کا اظہار وزیر موصوف نے آج یہاں فلوری کلچر محکمہ کی ایک جائزہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پھولبانی کی وزیر مملکت پریاسیٹھی بھی اس موقعہ پرموجود تھیں۔جاوید مصطفی میر نے پھولبانی صنعت کی افادیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پچھلی کئی دہائیوں کے دوران اس سیکٹر میں کافی ترقی ہوئے ہے اور یہ اس کا دائرہ بھی وسیع سے وسیع تر ہوتا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پھول اُگانے والوں کی حوصلہ افزائی کر کے انہیں کاشت کاری کے جدید تقاضوں کے بارے میں جانکاری دی جانی چاہئیں تاکہ انہیں اپنی پیداوار کی اچھی خاصی آمدن حاصل ہوسکے ۔ انہوں نے ریاست میں پارکوں اور باغوں میں ہو رہے تمام کاموں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوںنے محکمہ کو فعال بنانے کے لئے متعلقہ افرادی قوت اور مشینری کو متحرک کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بیداری کیمپوں کا بھی انعقاد کیا جانا چاہیے تاکہ پھولبانی کے سکیموں کے فوائد عام لوگوں تک پہنچ سکیں۔میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ محکمہ فلوری کلچر اس وقت جموں صوبے میں ایک ہزار کنال پر محیط 310پارکوں اور باغات کا رکھ رکھائو کررہا ہے ۔اس موقعہ پر مزید بتایاگیا کہ سناسر میں ٹولپ پھولوں کے مختلف اقسام کی کاشت کامیابی سے کی گئی ہے ۔ وزیر نے ریاست کی موسمی اور جغرافیائی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے پھولبانی کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ پھولوں کی پیداوار بڑھنے کے ساتھ ساتھ آمدنی کے ذرائع میں بھی اضافہ کیا جاسکے۔وزیر نے مزید کہا کہ محکمہ کو ترقی کی بلندیوں تک لے جانے کے لئے عنقریب اختراعی اقدامات کئے جائیں گے ۔انہوں نے پھول اگانے والوں کو ہر سطح پر مراعات دینے کی بھی یقین دہانی کی۔جاوید مصطفی میر نے ان پارکوں کی نشاندہی کرنے کی بھی ضرورت پر زور دیا جنہیں جِم کے طور پر ترقی دی جاسکتی ہے ۔ڈائریکٹر فلوری کلچر جموں ببیلا رکھوال کے علاوہ متعلقہ محکمہ کے کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔