ہائی کورٹ کی نگرانی میں تحقیقات ہو : عمر عبداللہ

نیوز ڈیسک
جموں // کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز بورڈ میں حالیہ بھرتیوں کی ہائی کورٹ کی نگرانی میں تحقیقات کا مطالبہ کر تے ہوئے نیشنل کانفرنس کے کارگزار صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ حکمران پی ڈی پی کے سینئر لیڈر کے فرزند کی طرف سے ملازمت مسترد کر نا ”خویش پروری اور فراڈ “ کو دھو نہیں سکتا ۔ اتوار کو ذرائع ابلاغ کی ان رپورٹوں پر ردِ عمل ظاہر کر تے ہوئے کہ وزیر اعلیٰ کی طرف سے پی ڈی پی کے نائب صدر سرتاج احمد مدنی کے بیٹے عروت مدنی کی کھادی اینڈ ولیج انڈسٹری بورڈ میں بھرتی معاملے کی تحقیقات کے بعد آخر الذکر ( عروت مدنی ) نے یہ ملازمت مسترد کر دی ہے ، عمر عبداللہ نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹویٹر پر لکھا ” تحقیقات کیوں واپس لی جائے ؟ مدنی کی طرف سے ملازمت مسترد کئے جانے سے خویش پروری اور فراڈ نہیں دھلتا ۔ اس معاملہ کی ہائی کورٹ کی نگرانی میں تحقیقات ہونی چاہئے “۔