حکومت ریاست کے تینوں خطوں کی ترقی کو یقینی بنانے کی وعدہ بند:گنگا

جموں//صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا نے کہا ہے کہ حکومت ریاست کے تینوں خطوں کی متوازن ترقی کو یقینی بنانے کی وعدہ بند ہے۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار آج ضلع سانبہ کے باڑی کھڈ علاقہ میں ایک پبلک دربار کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ سماج کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے پبلک دربار میں حصہ لیااور وزیر موصوف کو اپنی مشکلات و مطالبات کے بارے میں روشناس کرایا۔اس موقعہ پر لوگوں نے سڑک رابطوں کی بہتری، بجلی کی متواتر فراہمی، راشن کی دستیابی، پینے کے صاف پانی کی فراہمی وغیرہ سے متعلق معاملات وزیر موصوف کی نوٹس میں لائے۔وزیر نے لوگوں کے مسائل غور سے سُنے اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے جائیز مطالبات کو متعلقہ حکام کے ساتھ اُٹھایا جائے گا۔اس موقعہ پر وزیر نے بعض معاملات کے ازالہ کے حوالے سے متعلقین کو ہدایات دیں۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ علاقہ میں ایک کروڑ روپے کی لاگت کے تعمیراتی کاموں پر کام جاری ہے جس میں باڑی کھڈ سے دھرم سال تک ایک کلو میٹر سڑک کی تعمیر بھی شامل ہے جس پر22 لاکھ روپے کی رقم خرچ کی جارہی ہے۔اس کے علاوہ شاہ تالاب سے باڑی کھڈ تک4.5 کلو میٹر سڑک پر66 لاکھ روپے کی رقم سے کام جاری ہے۔پینے کے پانی کے مسئلے کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر نے اس موقعہ پر علاقہ کے لئے ایک ٹیوب ویل کی منظوری دی۔