وزیر صحت نے طبی ونیم طبی عملہ کا30رکنی وفد پنچکولہ ہریانہ روانہ کیا

جموں//صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے آج پنچکولہ ہریانہ کے دو روزہ دورے پر جانے والے ڈاکٹروں اور نیم طبی عملہ کے30 ممبران کے ڈیلی گیشن کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ڈیلی گیشن میں میڈیکل سُپرنٹنڈنٹ، ڈاکٹر، سٹیٹ این ایچ ایم کے پروگرام منیجر اور نیم طبی عملہ کے افراد شامل ہیں۔قومی کوالٹی ایشورنس پروگرام کے تحت حکومت نے مختلف ہسپتالوں سے عملہ کو شارٹ لسٹ کر کے پہلے مرحلے کے تحت ڈیلی گیشن کو روانہ کیا۔اس قومی پروگرام کے تحت سٹیٹ نیشنل ہیلتھ مشن کے تحت ڈاکٹروں اور نیم طبی عملہ کو خصوصی تربیتی پروگرام میں شرکت بھیجا گیا ہے۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ایسے پروگراموں کی بدولت طبی شعبۂ سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو مزید تربیتی سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ آج کے دورے پر روانہ ہونے والے لوگوں کو طبی سہولیات میں کوالٹی ایشورنس سے متعلق نئے تجربات سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔اس دورے کا اہتمام سٹیٹ این ایچ ایم ،ہریانہ سٹیٹ ہیلتھ ریسورس سینٹر اور نیشنل ہیلتھ سسٹمز ریسورس سینٹر نئی دہلی نے مشترکہ طور کیا ہے۔اس موقعہ پر مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم ڈاکٹر موہن سنگھ، سی ایم او جموں ڈاکٹر سنجے تُرکی، ڈویثرنل نوڈل افسر این ایچ ایم ڈاکٹر ہرجیت رائے اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔