کرگل باکسروں نے ریاستی باکسنگ چمپئن شپ میں13 میڈل جیتے،کونسل چیئرمین حاجی عنائت علی کا اظہار ِ مسرت

جموں//کرگل باکسرس نے حالیہ اختتام پذیر سٹیٹ باکسنگ چیمپین شِپ جو ایم اے سٹیڈیم جموں میں منعقد ہوئی تھی، میں سونے کے سات، چاندی کے دو اور کانسے کے چار میڈل حاصل کئے۔چیمپین شِپ کا اہتمام جے اینڈ کے آرمیچور باکسنگ ایسوسی ایشن نے کیا تھا۔تمام کھلاڑی جنہوں نے میڈل جیتے کی تربیت این آئی ایس باکسنگ کوچ غلام مصطفی نے ایس اے آئی ساگ سینٹر کرگل میں فراہم کی تھی۔جموں وکشمیر قانون ساز کونسل کے چئیرمین حاجی عنائت علی جو کرگل باکسنگ ایسوسی ایشن کے صدر بھی ہیں، نے کرگل کے کھلاڑیوں کے نتائج کی سراہنا اور سپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کی اُن کوششوں کے لئے شکریہ ادا کیا جن کے تحت انہوں نے کرگل میں خصوصی مرکز قائم کیا تھا۔انہوں نے اس موقعہ پر غلام مصطفی کی کاوشوں کی بھی ستائش کی۔ گولڈ میڈل حاصل کرنے والوں میں ذوالفقار علی، عرفان علی، محمد حسن، صادق علی، نثار حُسین، سٹنزن انگمو اور نیل زایہ انگمو جبکہ چاندی کے میڈل جاوید اقبال اور سٹنزن ینگڈول نے حاصل کئے۔ کانسہ کے میڈل جینے والو ں میں غلام رسول، طارق عالم اور سیتا دیوی شامل ہیں۔