لال سنگھ کابہبودی سکیموں بارے جانکاری عام کرنے پر زور وزیر جنگلات نے بشناہ کے امیرنگر میں عوامی شکایات سنیں

جموں//جنگلات و ماحولیات کے وزیر چوہدری لال سنگھ نے افسروں پر زور دیا ہے کہ وہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے جاری بہبود ی سکیموں کے بارے میں عوام میں زیادہ سے زیادہ بیداری پیدا کریں تا کہ ان کے فوائد لوگوں تک پہنچ سکیں۔وزیر آج بشناہ کے دبڑ کے امیر نگر میں ایک عوامی شکائتی ازالہ کیمپ سے خطاب کر رہے تھے۔چیف کنزرویٹر آف فارسٹس فاروق گیلانی، کنزرویٹر ایسٹ سرکل خواجہ قمر الدین کے علاوہ تعمیرات عامہ ، دیہی ترقی، پی ڈی ڈی، پی ایچ ای اور جنگلات محکموں کے افسران موجود تھے۔وزیر موصوف نے مزید کہا کہ حکومت دیہی علاقوں کے لوگوں کو شہری علاقوں کی طرز پر تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لئے فوری اقدامات اُٹھائیں۔انہو ں نے کہا کہ ہر محکمہ کے افسروں کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ لوگوں کی دہلیز پر ان کے مسائل حل کرنے اور ان کی شکایات کے ازالہ کے لئے اقدامات کریں۔وزیر موصوف نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ روز گار کے مواقعے پیدا کرنے کے سلسلے میں جاری سکیموں سے بھرپور فائدہ اُٹھائیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے ذاتی یونٹ قائم کر کے نہ صرف خود روز گار کمائیں بلکہ دوسروں کے لئے بھی روز گار کی سبیل پیدا کریں۔علاقہ کے لوگوں کے مسائل اور مطالبات کے رد عمل میں وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حکومت نے ترقیاتی ایجنڈہ میں بہتر سڑکوں کی تعمیر اور بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینا شامل ہے۔