حکومت نجی انجینئرنگ کالجوں کو ایم ٹیک کورسز شروع کرنے کی اجازت دے گی:الطاف بخاری جموں یونیورسٹی میں اپنے انجینئرنگ کالج قائم کرنے کے لئے 2.50کروڑ روپے فراہم کی ہے

اڑان نیوز
جموں//تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ حکومت نے جموں یونیورسٹی کو اپنا انجنئیرنگ کالج شروع کرنے کی اجازت دی ہے اور اس سلسلے میں گرانٹ اِن ایڈ کے طور پر یونیورسٹی کو2.50 کروڑ روپے کی رقم فراہم کی گئی ہے۔وزیر موصوف مہنت بچتر سنگھ کالج آف انجنئیرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے سالانہ دن کی ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں سول سوسائٹی کے ممبران، والدین، طُلاب اور اساتذہ نے شرکت کی۔سیکرٹری سکولی تعلیم فاروق احمد شاہ، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں رویندر سنگھ اور انجنئیرنگ کالج کے سینئر فکیلٹی ممبران تقریب میں موجود تھے۔وزیر موصوف نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ ،محبوبہ مفتی کی قیادت میں ریاستی حکومت نے شعبۂ تعلیم کو ترجیحات میں رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاندر بل کے صفا پورہ علاقہ اور کٹھوعہ کے جنگلوٹ علاقہ میں انجنئیرنگ کالجوں نے پہلے ہی اپنا کام کاج شروع کیا ہے اور ہر کالج میں60 نشستیں دستیاب ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان اداروں کے قیام کا مقصد تمام بلاکوں کو تعلیم کے بہتر مواقعے فراہم کرنا ہے۔وزیر نے مہنت بچتر سنگھ کالج کی انتظامیہ کی کاوشوں کی سراہنا کی جس کے تحت انہوں نے اس بڑے ادارے کی بنیاد رکھی۔