جموں میں30واں پولیس پبلک میلہ منعقد وزیر اعلیٰ نے افتتاح کیا،اسٹالوں کا معائنہ کیا

اڑان نیوز
جموں//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے آج یہاں گلشن گراؤنڈ میں30 ویں پولیس پبلک میلے کا افتتاح کیا۔ زندگی کے مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے میلہ میں شرکت کی جو سرینگر اور جموں میں ہر سال منایا جاتا ہے۔میلہ کے افتتاح کے بعد محبوبہ مفتی نے جے اینڈ کے پولیس کے اُن جوانوں اور افسروں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی قیمتی جانوں تک کی قربانی دی۔وزیر اعلیٰ نے مختلف سٹالوں کا معائنہ کیا اور وہاں نمائش میں رکھے گئے ریاست کے تینوں خطوں کی مصنوعات کے معیار کی ستائش کی۔جموں وکشمیر پولیس وائیوز ویلفئیر ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ اس میلے میں53 سٹال قائم کئے گئے تھے۔ اس میلے کے انعقاد کا مقصد محکمہ پولیس کے جوانوں اور افسروں کے بچوں و کنبوں کی بہبودی کے لئے رقومات جمع کرنا ہے۔ڈی جی پی ایس پی وید، اے ڈی جی پیز، ڈویثرنل کمشنر جموں اور کئی دیگر سینئر افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔جموں وکشمیر پولیس وائیوز ویلفئیرایسوسی ایشن ی چئیر پرسن بھارتی وید اور ایسوسی ایشن کے ممبران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔