ریاستی اردو کونسل کا قیام خوش آئند اردو صرف زبان ہی نہیں بلکہ جینے کی راہ: شہزاد ملک

اڑان نیوز
جموں//سائی ناتھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شہزاد ملک نے جموں وکشمیر ریاست کی سرکاری زبان اردو کو فروغ دینے کے لئے ’ریاستی کونسل تشکیل‘دینے کے فیصلہ کو تاریخی قرار دیاہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں شہزاد ملک نے کہا ہے کہ اردو صرف زبان نہیں بلکہ جینے کی راہ ہے۔اردو ایک تہذیب کا نام ہے ، اس زبان میں عظیم ادبی سرمایہ ہے۔تقسیم برصغیر ہند سے ہی آج تک یہ اردو زبان ناانصافیوں کا شکار رہی ہے۔اس کی ترقی وترویج کے لئے بہت کچھ کیاجانا باقی ہے، اس ضمن میں جموں وکشمیر حکومت نے جو قدم اٹھایا وہ قابل ستائش ہے اور امید ہے کہ اس سے کے بہتر نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی تعریف کرتے ہوئے کونسل کے تبھی ممبران کو مبارک باد پیش کی ہے۔ یاد رہے کہ اعلیٰ تعلیم محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون کی طرف سے باقاعدہ حکم نامہ جاری کیاگیاہے ۔کونسل کی سربراہی وزیر تعلیم کریں گے جبکہ کونسل کے غیر سرکاری ممبران میں پروفیسر حامدی کشمیری، پروفیسر محمدزماں آزردہ ، پروفیسر نذیر احمد ملک ، پروفیسر نور محمد شاہ، پروفیسر احمد قدوس جاوید ، پروفیسر ظہور الدین ، ولی محمد اسیر، فاروق مختار ، خالد بشیر احمد اور جاوید آزر شامل ہیں۔کونسل کے لئے جن سرکاری ارکان کی تجویز رکھی گئی ہے ان میں ریاست جموں وکشمیر کی تمام مرکزی وریاستی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر ، خزانہ ، تعلیم ، کلچر اور قانون محکموں کے انتظامی سیکرٹری ، سیکرٹری کلچرل اکیڈیمی ، ڈائریکٹر سٹیٹ کونسل برائے فروغ اُردو زبان ، پرنسپل انفارمیشن آفیسر ،ڈائریکٹر کالجز ،کشمیر یونیورسٹی میں شعبہ اردو کے سربراہ ، جموں یونیورسٹی میں شعبہ اردو سربراہ ،ایم اے ایم کالج جموں ، جی ڈی سی پونچھ ، جی ڈی سی ڈوڈہ ، جی ڈی سی بارہمولہ، جی ڈی سی اننت ناگ ، امرسنگھ کالج سرینگر، جی ڈی سی لیہہ اور جی ڈی سی کرگل کے شعبہ اردو کے سربراہان شامل ہیںَ۔