اقتصادی ترقی اور تبدیلی سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد اقتصادی ترقی کا راز زرعی ترقی میں مضمر : ہانجورہ

اڑان نیوز
جموں// زراعت کے وزیر غلام نبی لون ہانجور ہ نے کہاہے کہ مجموعی اقتصادی ترقی میں زراعت کا ایک کلیدی رول ہے لہٰذا اس سیکٹر ترقی کی بلندیوں تک پہنچانے کی طرف خصوصی توجہ دی جانی چاہیئے۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار آج شری ماتا ویشنوی دیوی یونیورسٹی کٹرہ میں منعقد کی جارہی دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا افتتاح کرنے کے بعد کیا۔دیگر لوگوں کے علاوہ ایس ایم وی ڈی یو کے وائس چانسلر پروفیسر سنجیو جین ، جنرل سیکرٹری انڈین اکنامک ایسو سی ایشن ڈاکٹر انیل کمار ٹھاکر کے علاوہ کئی دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔س موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ہانجورہ نے زرعی شعبے کو درپیش کئی چیلنجوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔انہوں نے سال 2022ء تک کسانوں کی آمدن دوگنا کرنے کے حکومت کے نظریہ کو بھی اُجاگر کیا۔ انہوں نے متعلقہ سائنسدانوں اور تحقیق دانوں پر زور دیا کہ وہ کسانوں تک پہنچ تک انہیں کاشتکاری کے جدید طور طریقوں کو دستیاب ٹیکنالوجی سے روشنا س کرائیںتاکہ وہ کم اراضی میں سے زیادہ پیداوار حاصل کرسکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے فصلوں کی پیداوار اور پیدا ریت میں اضافہ کرنے کے لئے کثیر رُخی لائحہ عمل اختیار کیا ہے اور کسانوں کی بہبودی کے لئے کئی ایک سکیمیں چلائی جارہی ہیں۔کانفرنس کے دوران مقررین نے زرعی شعبے کے مختلف سیکٹروں کو آگے بڑھانے سے جڑے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔