رام سو کے قریب بھاری پسی گر آئی ،آمد و رفت 9گھنٹے بعد بحال

دانش وانی
بانہال // جموں، سرینگر شاہراہ پر رام سو کے مقام پر منگلوار کو بھاری پسی گر آنے سے آمد و رفت معطل ہو گئی ۔ پسی کو ہٹانے میں 9گھنٹے لگ گئے جس کے بعد گاڑیوں کو اپنی منزلوں کی طرف روانہ کیا گیا ۔ ٹریفک محکمہ کے ذرائع کے مطابق منگل کی صبح ساڑھے 8بجے کے قریب رام سو اور مگر کوٹ کے درمیان بھاری پسی اور چٹانیں گر آئیں جس کی وجہ سے آمد و رفت مسدود ہو کر رہ گئی ۔ اس دوران دونوں طرف گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور ہزاروں مسافر درماندہ ہو گئے ۔ شاہراہ کی چار گلیارہ کی تعمیر ر ماومر کمپنی نے اپنی مشینری اور مزدور لگا کر پسی کو ہٹانے کا کام شروع کر دیا اور قریب 9گھنٹے کی سخت جدو جہد کے بعد ملبہ اور پتھر ہٹانے میں کامیابی حاصل کر لی ۔ ا س کے بعد گاڑیوں کو ان کی منزلوں کی طرف روانہ کیا گیا ۔ ایس ایچ او رام سو نے بتایا کہ شاہراہ پر فور لیننگ تعمیر کے جاری کام کے دوران پہاڑی سے بھاری پسی گر آئی تھی جسے 5مشینوں اور مزدروں کی مدد سے شام ساڑھے 5بجے ہٹا لیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد شاہراہ پر ٹریفک بحال کر لیا گیا اور درماندہ گاڑیوں کو ترجیحی بنیاد پر آگے جانے کی اجازت دی گئی ۔