ایوان میں ہماری آواز دبائی جا رہی ہے : آزاد ہنگامہ کی وجہ سے راجیہ سبھا کی کارروائی دو مرتبہ ملتوی، حزبِ اختلاف نے دن بھر کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا

یو این آئی
نئی دہلی// راجیہ سبھا چلانے کے طور طریقوں پر منگل وار کو اپوزیشن جماعتوں کے اراکین نے لنچ کے و قفہ کے بعد زبردست شورو غل کیا جس کی وجہ سے ایوان کی کارراوائی کچھ دیرکے لئے ملتوی کرنی پڑی۔اس سے پہلے صبح ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی مغربی بنگال سے وابستہ ایک معاملہ پر ترنمول کانگریس کے اراکین شور کی وجہ سے ایوان کی کارروائی دو منٹ کے اندر ہی لنچ کے وقفہ تک کے لئے ملتوی کردی گئی تھی۔ ایوان کی کارروائی دوسری مرتبہ شروع ہونے پرازپوزیشن کے لیڈر غلام نبی آزاد نے کہاکہ ایوان اصول اور ضابطہ سے چلتا ہے ۔ آج گیارہ بجے وقفہ صفر اور بارہ بجے وقفہ سوالات ہونا تھا اور اراکین اس میں حصہ لینا چاہتے تھے لیکن یہ دونوں نہیں ہوسکے اور اس طرح ہماری آواز دبائی جارہی ہے ۔ اس کے خلاف ہماری پارٹی پورے دن کے لئے ایوان کا بائیکاٹ کرتی ہے ۔ ڈپٹی چیرمین پی جے کورئین نے کہا کہ ایوان میں چیرمین کی رولنگ کی تنقید نہیں کی جاسکتی۔ چیرمین اور تمام فریق صحیح طریقہ سے ایوان چلانا چاہتے ہیں ۔ ایوان چلانے کے تعلق سے سوچ میں فرق ہوسکتا ہے ۔ تمام لیڈر اس معاملے میں چیرمین سے ان کے کمرے میں بات چیت کرسکتے ہیں۔ ترنمول کانگریس کے ڈیرک او برائن نے کہاکہ یہ معاملہ ایوان کا ہے اس لئے کمرے میں جانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے ضابطہ 267کے تحت نوٹس دیا ہوا تھا اور اس پر اپنی بات رکھنا چاہتا تھے ۔ اس پر کورئین نے کہاکہ ضابطہ 267کے تحت معاملے چیرمین کی اجازت سے ہی اٹھائے جاسکتے ہے ۔ سماج وادی پارٹی کے نریش اگروال نے کہاکہ وہ ضابطہ سے چلنا چاہتے ہیں اور ایسا نہیں ہے کہ وہ چیرمین پر اعتماد نہیں کررہے ہیں۔ اس دوران اپوزیشن جماعتوں کے کئی اراکین اپنی سیٹوں سے زور زور سے بولتے رہے ۔ بعد میں کورئین نے ایوا ن کی کارروائی تین بجے تک کے لئے ملتوی کردی۔اس سے قبل صبح ایوان کی کارروائی شروع ہونے پر ترنمول کانگریس کے ڈیرک او برائن نے ایک خط کی کاپی دکھاتے ہوئے کہاکہ ایک گورنر نے ایک ریاستی حکومت کے خلاف خط لکھا ہے ۔ اسی درمیان ترنمول کانگریس کے دیگر اراکین اور بائیں بازو کے اراکین بھی کھڑے ہوکر کچھ بولنے لگے ۔ شو روغل بڑھنے پر چیرمین ایم کے ونکیا نائیڈو نے تقریباََ دو منٹ کے اندر ہی ایوان کی کارروائی دو بجے تک کے لئے ملتوی کردی۔