چیمبر جموں نے ریاست میں قیامِ امن کیلئے تمام سیاسی جماعتوں سے تعاون طلب کیا سیاحتی شعبہ کوفروغ دینے کی خاطرپنچایتی انتخابات ملتوی کئے جائیں جلد حریت قائدین سے بھی کشمیر اور جموں کامرس مشترکہ طور پر ’بندکال‘نہ دینے کی اپیل کریگی:راکیش کمار

الطاف حسین جنجوعہ
جموں//چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جموں نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر جموں وکشمیر کو پر امن ریاست بنانے میں اپنا رول ادا کریں تاکہ لوگوں کی مشکلات ومسائل کم ہوں ۔جموں چیمبر کا کہنا ہے کہ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی عمل آوری سے ریاست کی اقتصادیات متاثر ہوئی ہے اور اس کو مستحکم بنانے کے لئے ضروری ہے کہ یہاں پر امن رہے۔چیمبر صدر راکیش گپتا نے دیگر عہدادران کے ہمراہ منعقدہ ایک پریس کانفرنس میںوزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے اپیل کی کہ وہ اس نازک مرحلہ پر پنچایتی انتخابات کو ملتوی کرے۔سیاحتی صنعت ریاست کی اقتصادیات میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے لیکن امن وقانون کی صورتحال خراب ہونے سے سیاحتی شعبہ متاثر ہوتا ہے۔انہوں نے حدشہ ظاہر کیاکہ اس وقت پنچایتی انتخابات کرانے کے فیصلہ سے سیاحت بری طرح متاثر ہوگی۔انہوں نے کہا’’ہم حکومت کو مشورہ دیتے ہیں کہ انتخابات اگست ماہ کے بعد ہی کرائی جائیں‘‘۔ انہوں نے کہاکہ ہوٹل مالکان سے انہیں جوفیڈبیک حاصل ہوئی ہے اس کے مطابق 15سے20فیصدی بکنگ ہوئی ہے اور امسال یہ100فیصدی بنکنگ متوقع ہے۔یہ ہرایک کا فرض بنتا ہے کہ ریاست کوحادثات، سانحات سے آزاد بنایاجائے تاکہ عام مفادات کے حق میں سیاحت وٹرانسپورٹ صنعت کو محفوظ کیاجائے۔سی سی آئی جموں نے ’The Way Forward‘تحریک لانچ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے چیمبر نے تمام سیاسی قیادت پر زور دیا ہے کہ وہ قیام امن کے لئے تعاون دیں اور ہندوستان اور دیگر ممالک سے آنے والے سیاحوں کا خیر مقدم کریں۔انہوں نے کہاکہ جموں چیمبر، کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ رابطہ میں ہے اور جلد ہی مشترکہ طور پر حریت قیادت سے اپیل کی جائے گی کہ وہ ’بندکال‘نہ دیں تاکہ یہاں پر ریاست کی اقتصادی صورتحال بہتر ہو۔سی سی آئی جموں ریاست کے تینوں خطوں، جموں ، کشمیر اور لداخ کے درمیان دوریوں کو مٹانا چاہتی ہے۔پریس کانفرنس میں سنیئر نائب صدر راجیش گپتا، جونیئر نائب صدر راجیو گپتا، سیکریٹری گورو گپتا اور خزانچی آشو گپتا بھی موجود تھے