بلوارڈ سرینگر میں جنگجو مخالف آپریشن پلوامہ اور کولگام میں آپریشن کے دوران تشدد بھڑک اٹھا

اُڑان نیوز
سرینگر//اتوار کی شام دیر گئے سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد بلوارڈ سرینگر میں جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا ۔ سیکورٹی فورسزنے ہوٹلوں کی باریک بینی سے تلاشی شروع کی ہے۔ سی آر پی ایف ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ بلوارڈ میں جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا گیا ہے جس دوران ہوٹلوں کی تلاشی لی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس ، سی آر پی ایف کی بھاری جمعیت اچانک بلوارڈ روڑ پر وارد ہوئی اور ایک ایک کرکے ہوٹلوں کی تلاشی کا سلسلہ شروع کیا جس دوران مہمانوں سے پوچھ تاچھ کی گئی ۔ ذرائع کے مطابق بلوارڈ اور اُس کے ملحقہ علاقوں کو پوری طرح سے سیل کرکے لوگوں سے بھی پوچھ تاچھ کی جار ہی ہے۔سی آر پی ایف ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی کہ بلوارڈ میں قائم ہوٹلوں کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی جس دوران ہوٹلوںمیں موجود افراد سے پوچھ تاچھ کی گئی ۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک بلوارڈ میں ہوٹلوں کی باریک بینی سے تلاشی جاری تھی ۔ادھر مونگہ ہامہ پلوامہ اور ریڈونی بالا کولگام میں جنگجو مخالف آپریشن کے دوران تشدد بھڑک اٹھا مشتعل ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے سیکورٹی فورسز نے بے تحاشہ ٹیر گیس شلنگ کی ۔ ریڈونی بالا کولگام کے لوگوں نے سیکورٹی فورسز پر رہائشی مکانوں ، نجی گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کرنے کا الزام عائد کیا ۔ دفاعی ذرائع کے مطابق جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد مونگہ ہامہ پلوامہ اور ریڈونی بالا کولگام میں جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا گیا جس دوران سماج دشمن عناصر نے پتھراو کیا تاہم بعد میں آپریشن پُر امن طورپر اختتام پذیر ہوا۔ان علاقوں میں جنگجوؤں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے مونگہ ہامہ پلوامہ گائوں کو محاصرے میں لے کر جونہی جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا اس دوران لوگ گھروں سے باہر آئے اور اسلام و آزادی کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرئے کئے ۔ نمائندے کے مطابق سیکورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے اشک آور گیس کے گولے داغے جس پر احتجاج کرنے والے مزید مشتعل ہوئے اور پتھراو کیا ۔ نمائندے کے مطابق سیکورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان کافی دیر تک تصادم آرائیوں کا سلسلہ جاری رہا تاہم پولیس وفورسز نے جگہ جگہ پولیس وفورسز کی تعیناتی عمل میں لا کر پتھراو کرنے والوں کو بھگا دیا۔ ادھر گزشتہ شام ریڈونی بالا کولگام میں اُس وقت خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب سیکورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جم کر جھڑپیں ہوئیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق پولیس وفورسز کی بھاری جمعیت نے ریڈونی کولگام گائوں کو محاصرے میں لے کر جونہی تلاشی آپریشن شروع کیا اس دوران لوگ مشتعل ہوئے اور سیکورٹی فورسز پر پتھراو کیا ۔ نمائندے کے مطابق مشتعل ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے فورسز نے بے تحاشہ ٹیر گیس شلنگ کے ساتھ ساتھ ہوا میں چند گولیوں کے راونڈ بھی فائر کئے جس کے نتیجے میں ریڈونی بالا کولگام اور اُس کے آس پاس علاقوںمیں خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا اور لوگ محفوظ مقامات کی طرف بھاگنے لگے۔ مقامی لوگوں کے مطابق سیکورٹی فورسز نے تلاشی کی آڑ میں رہائشی مکان ، نجی گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی ۔ دفاعی ذرائع نے مقامی لوگوں کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ تلاشی آپریشن پُر امن طورپر اختتام پذیر ہوا ، فورسز نے رہائشی مکانوں کی توڑ پھوڑ نہیں کی اور اس ضمن میں پھیلائی جانے والی افواہوں کو مسترد کیا جاتا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ علاقے میں پہلے فورسز نے جنگجو مخالف آپریشن عمل میں لایا تھا تاہم تلاشی کارروائی کے دوران کچھ حاصل نہ ہونے کے بعد فورسز نے غصہ لوگوں پر نکل دیا اور علاقے میں شدید توڑ پھوڑٖ کی ۔