ایمنسٹی کے تحت رہائی پانے والے نوجوان اپنے کیرئیر کی طرف دھیان مرکوز کریں : ایس پی وید

اڑان نیوز
سرینگر//نوجوانوں کو وزیر اعلیٰ کی جانب سے اعلان شدہ ایمنسٹی اسکیم سے مستفید ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے ریاست کے پولیس سربراہ نے کہاکہ جن نوجوانوں کو رہا کیا گیا ہے انہیں اب اپنے مستقبل کے بارے میں سوچنا چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ یوم جمہوریہ کی تقریبات کو خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دینے کیلئے تمام طرح کے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ بارہ مولہ میں پاسنگ آوٹ پریڈ تقریب سے خطاب کرنے کے بعد حاشیہ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے پولیس سربراہ ڈاکٹر ایس پی وید نے کہاکہ جن نوجوانوں کو ایمنسٹی اسکیم کے تحت رہا کیا گیا انہیں اب اپنے کیرئیر کی طرف دھیان مرکوز کرنا چاہئے۔ پولیس سربراہ کے مطابق نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا پور ا موقع فراہم کیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ ریاست خاص کر وادی کشمیر میں امن و امان کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں۔ سرحدوں کی صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پولیس سربراہ نے کہاکہ بہت جلد امن و امان واپس لوٹ آئے گا۔ انہوںنے کہاکہ گولہ باری کے دوران شہری ہلاکتوں کو روکنے کیلئے تمام طرح کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ یوم جمہوریہ کے موقعے پر کسی بھی گڑھ بڑھ کو ٹالنے کیلئے سیکورٹی ایجنسیوں کی میٹنگ ہوگی جس دوران امن و قانون کی صورتحال کے بارے میںفیصلے لئے جائیں گے۔انہوںنے کہاکہ جموںوکشمیر پولیس ریاست خاص کرو ادی کشمیر میں حالات کو معمول پر لانے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ پولیس چیف کے مطابق جموںوکشمیر پولیس کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں اور کسی کو بھی امن و امان میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ ایڈیشنل ڈی جی پی منیر خان، آئی جی پی احفاد اللہ مجتبیٰ اور جگجیت کمار ، جی او سی 19ویں انفنٹری ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل جی ایس راوت ،پولیس اور سول سینئر افسران اور جوانوں کے والدین اس موقعہ پرموجود تھے۔