سرحدوں پر جنگ بندی تشویش کن:عمر عبداللہ صورتحال کو معمول پر لانے کیلئے دونوں ممالک بات چیت کریں

الطاف حسین جنجوعہ
جموں//نیشنل کانفرنس کے کارگذارصدر اور سابقہ ریاستی وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بین الاقوامی سرحد اور حدمتارکہ(ایل او سی)پر جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لئے ہندوپاک کے مابین مذاکرات کی وکالت کرتے ہوئے کہاکہ اعتماد سازی کے اس اہم قدم پردونوں ممالک کو عمل کرنا چاہئے۔رواں بجٹ اجلاس کے دوران اسمبلی ہال کے باہرذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی طرف سے سرحدی پر جاری فائرنگ بارے سوال کے جواب میںعمر عبداللہ نے کہا”صرف ایک روز قبل ہی بی ایس ایف کے بہاد ر جوان نے سرحد پر ڈیوٹی دیتے وقت فائرنگ میں اپنی قیمت جان دی کیونکہ سرحد پار سے لگاتار جنگ بندی کی خلاف ورزی ہورہی ہے، یہ ایک ایسا معاملہ ہے جس کو نئی دہلی اور اسلامہ آباد کو حل کرنے کی ضرورت ہے“۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا ہمیشہ یہ موقف رہا ہے کہ تشدد کشمیر مسئلہ کاحل نہیں، بالآخر دونوں ممالک کو ایکدوسرے سے بات کرنی ہی ہوگی۔ عمر عبداللہ نے کہا ہمیں بتایاگیاکہ قومی سلامتی صلاحکار(NSA) کی بنک کاک میں پاکستانی نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر سے خفیہ بات ہوئی ہے ، یہ کیا بات چیت تھی جب ہم سرحدپر سیز فائرکو بحال نہ رکھ سکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا” مجھے امید ہے کہ ہمارے این ایس اے فون اٹھائیں گے اور پاکستان سے بات کریں گے تاکہ جنگ بندی خلا ف ورزیوں کا خاتمہ ہو، فائرنگ، شیلنگ اور سیزفائر خلاف ورزیوں کو بند کیاجاناجائے، تشدید کو بند کیاجائے۔ سابقہ وزیر اعلیٰ نے اس بات پرزور دیا کہ”دونوں ہندوستان اور پاکستان کو حالات کو معمول پر لانے کے لئے بات چیت کرنی چاہئے بصورت دیگر رشتے مزید بگڑجائیں گے“۔