وچی حلقے میں کئی پلوں اور سڑکوں پر کام جاری پونچھ ۔ لوران ۔ ٹنگمرگ سڑک زیر عمل : ویری

جموں//مال اور پارلیمانی امور کے وزیر عبدالرحمان ویری نے آج ایوانِ زیریں میں اعجاز احمد میر کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جے کے پی سی سی نے ورلڈ بنک کے تحت ترنز پُل پر کام شروع کیا ہے جبکہ وچی میں رنبی آرا نالے پر بھی کام شدو مد سے جاری ہے ۔ وزیر نے مزید کہا کہ 7 کلو میٹر ہلو، ہندو، نارونی سڑک پر تار کول بچھایا گیا ہے جبکہ اس کو بڑھاوا دینے کیلئے 7.55 کروڑ روپے لاگت سے اپ گریڈیشن کا ڈی پی آر تیار کر کے مرکزی سرکار کو بھیج دیا گیا ہے ۔ اے آر ویری نے محمد عباس وانی کی طرف سے پوچھے گئے ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پونچھ ۔ لوران ۔ ٹنگمرگ ( گلمرگ ) سڑک پر بھی کام جاری ہے ۔