پچھلے دو برسوں کے دوران 17.52 لاکھ مکعب فُٹ عمارتی لکڑی اور 1.02 لاکھ کوئینٹل بالن تقسیم کیا گیا :لال سنگھ

اڑان نیوز
جموں//جنگلات اور ماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ نے کل قانون ساز اسمبلی میں چودھری محمد اکرم کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پچھلے دو برسوں کے دوران ریاست کے صارفین میں 1752822 مکعب فُٹ عمارتی لکڑی تقسیم کی گئی جبکہ اسی مدت کے دوران ریاست میں مختلف مذہبی تنظیموں کو 102830 کوئینٹل بالن بھی محکمہ کی طرف سے تقسیم کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ جے کے ایس ایف سی صارفین کو اُن کی مانگ کے مطابق معیاری تعمیراتی لکڑی فراہم کرتا ہے ۔ عثمان مجید ، دلیپ پریہار ، جی ایم سروری ، الطاف احمد وانی اور جیون لال کی طرف سے پوچھے گئے ضمنی سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ لوگوں کو یہ لکڑی 885 ڈیپوؤں کے ذریعے سے فراہم کی جاتی ہے اور کسی نئے ڈیپو کے کھولنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے ۔ اس دوران اکرم چوہدری نے لسانہ، سرنکوٹ اور مڑھوٹ کے لئے منظور ڈپو وہاں کھولنے اور پونچھ ضلع میں معیاری عمارتی لکڑی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ مغل شاہراہ اور لورن منڈی سے بڑی لکڑی جموں آتی ہے، یہ لکڑی پونچھ میں ہی فراہم کی جائے تو بہتر ہوگا کیونکہ جموں سے جو لکڑی سپلائی ہوتی ہے وہ معیاری نہیں ہوتی