وزیر مملکت فاروق اندرابی مستعفی تصدق مفتی کی وزارت میں شمولیت کی راہ ہموار

نیوز ڈیسک
جموں // وزیر مملکت برائے حج و اوقاف فاروق احمد اندرابی ، جو وزیر اعلیٰ کے چچا بھی ہیں ، نے جمعرات کو وزارت سے استعفیٰ دے دیا ۔ اس طرح وزیر اعلیٰ کے بھائی تصدق مفتی کی وزارت میں شمولیت کی راہ ہموار ہو گئی ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اندرابی کا استعفیٰ گورنر این این ووہرا کو منظور کرنے کی سدفارش کے ساتھ بھیج دیا ہے ۔ اگرچہ وزیر مملکت نے استعفیٰ کی وجہ ذاتی بتائی ہے تاہم واضح طور پر یہ ان کے بھتیجے ، وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے وزارت میں شامل کئے جانے کی جانب پہلا قدم ہے ۔ ذرائع کے مطابق تصدق مفتی کو قانون سازیہ کے بجٹ اجلاس ، جو 2جنوری سے شروع ہو رہا ہے ، سے قبل ہی حلف دلایا جائے گا ۔ قابلِ ذکر ہے کہ فاروق احمد اندرابی کو 4اپریل 2016کو وزارت میں بطورِ وزیرر مملکت شامل کیا گیا تھا ۔ انہوں نے مختلف محکموں کے قلمدان سنبھالے جن میں صنعت ، آبپاشی ، انسدادِ سیلاب ، بجلی اور صحت عامہ شامل ہیں ۔وہ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ڈو رو اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کر تے ہیں ۔ 2014کے اسمبلی انتخابات میں انہوں نے ریاستی کانگرس کے موجودہ سربراہ غلام احمد میر کو شکست دی تھی ۔وزیر اعلیٰ کے بھائی تصدق مفتی کی ایوان بالا کے رکن کے طور پر نامزدگی کے لئے حکومت نے گورنر کو ان کا نام بھیجا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ا ندرابی کے مستعفی ہو نے کی یہ بھی وجہ ہے کہ وزیر اعلیٰ مخالفین کی نکتہ چینی سے بچنا چاہتی ہیں کہ ان کے کنبہ کے ایمک سے زیادہ ارکا ن وزارت میں موجود ہیں ۔