ریاست میںجنگلات کے تحفظ کیلئے اجتماعی کوششیں لازمی لال سنگھ نے جنگلات اور وائلڈ لائف محکموں کے کام کاج کا جائزہ لیا

اڑان نیوز
جموں//وزیر جنگلات و ماحولیات چودھری لال سنگھ نے کل ریاست کے سبز سونے یعنی جنگلات کے تحفظ و فروغ کیلئے اجتماعی کوششوں پر زور دیا ۔ وزیر آج جنگلات اور وائیلڈ لائف محکموں کی مانڈا امب پھلہ میں منعقدہ میٹنگ میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں قدرتی وسائل کی کمی نہیں ہے اور اس کے تحفظ کیلئے اجتماعی طور کوشش کرنا ریاست کے ہر باشندے کی اخلاقی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے جنگلات کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے عوام میں بیداری پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ پرنسپل چیف کنزرویٹر فارسٹ ، چیف وائیلڈ لائف وارڈن ، چیف کنزرویٹر فارسٹ ، ڈائریکٹر انوائیرنمنٹ اور ریموٹ سینسنگ ، ڈائریکٹر ایس ایف آر آئی ، ریجنل ڈائریکٹر وائیلڈ لائف اور دیگر متعلقہ افسران اس موقعہ پر موجود تھے ۔ وزیر نے افسران کو جنگلات اور وائیلڈ لائف محکموں کی جانب سے جاری ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کیلئے اپنے عملے اور مشینری کو متحرک کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے جمبو زو میں دو ریزروائیر تعمیر کرنے کیلئے 52 لاکھ روپے مختص رکھے ہیں ۔ چودھری لال سنگھ نے محکمہ وائیلڈ لائف کو پانی کو ذخیرہ کرنے کے ریزروائیر ، بور ویل ، دو لیپرڈ انکلوزر ، دو ٹائیگر انکلوزر ، چار کلو میٹر رابطہ سڑک پر تار کول بچھانے ، مصنوعی جھرنے ، نیچر انٹر پرٹیشن سنٹر ، پارکنگ ایریا، کیفٹ ایریا اور زو کے اندرونی ذیلی سڑکوں کی تعمیر کیلئے ٹینڈر طلب کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے افسران کو جمبو زو کیلئے چھ بیٹری کاروں اور 50 سائیکلوں کے علاوہ جسروٹہ قلعے کیلئے چار بیٹری کاریں خریدنے کیلئے بھی ٹینڈر طلب کرنے کی ہدایت دی ۔ ضرورت کے تحت ہی ترقیاتی کام ہاتھ میں لینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر نے مختلف ترقیاتی کاموں کیلئے مختص رقومات کے منصفانہ استعمال پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران کو اُن کے دائرہ اختیار کے تحت پروگرام اور سکیموں کی عمل آوری کیلئے جوابدہ بنایا جائے گا ۔ دریں اثنا لال سنگھ نے افسران کو جموں خطے میں قایم کی گئی نرسری کو فروغ دینے کیلئے موثر کوششیں کرنے کی ہدایت دی ۔ چودھری لال سنگھ نے افسران کو جمبو زو کے ارد گرد جنگلات اراضی کی فینسنگ کا کام فوری طور شروع کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے جمبو زو کے اندر اور ارد گرد میوہ درخت ، توت ،تُن ، آملہ ، امرود ، جامن کے پیڑ اور آرائشی پودے لگانے کی بھی ہدایت دی ۔