تعلیم تمام علاقوں کی کلہم ترقی کی بنیاد : دورجے ضلع ترقیاتی بورڈ میٹنگ ریاسی میں لئے گئے فیصلوں پر عمل آوری کا جائزہ لیا

نیوزڈیسک
ریاسی//امدا د باہمی اور امور لداخ کے وزیر چیرنگ دورجے نے کل ضلع ترقیاتی بورڈ میں لئے فیصلوں کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔افسروں کی ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ ضلع میں تعلیم اور طبی سیکٹروں کو استحکام بخشنے پر خصوصی زور دیا جانا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ اگر لوگ تعلیم یافتہ ہوں تو وہ آسانی سے ترقیاتی سکیموں پر جاری کام پر نظر گزر رکھ سکتے ہیں اور حکومت کی پالیسیوں اور پروگراموں کو بھی بخوبی سمجھ سکتے ہیں۔چیئرمین نے ضلع میں سیاحتی سیکٹر کو ترقی دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سیکٹر کی بدولت ضلع میں بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جاسکتے ہیں ۔ خزانہ و منصوبہ بندی کے وزیر مملکت اجے نندا ، او بی سی کی ترقی کے وائس چیئرمین ریشپال ورما ، وائس چیئرمین بھوشن لال ڈوگرہ ، ممبرپارلیمنٹ شمشیر سنگھ منہاس ، ایم ایل اے گول ۔ ارناس اعجاز احمد خان ، ایم ایل اے گولاب گڈھ ممتاز احمد خان ، ضلع ترقیاتی کمشنر ریاسی پرسنا راما سوامی ،ایس ایس پی طاہر بٹ ،کئی محکموں کے سربراہاں و سینئر افسران میٹنگ میں موجود تھے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اس موقعہ پر ضلع میں مختلف ترقیاتی سکیموں اور کیپس بجٹ پر ایک تفصیلی رپورٹ پیش کیا۔ انہوںنے کہا کہ 73.30 کروڑ روپے میں سے اب تک 51کروڑ روپے مختلف ترقیاتی کاموں پر خرچ کئے گئے ہیں۔وزیر مملکت اجے انندا نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے سڑکوں و دیگر تعمیراتی پروجیکٹوں میں خاطر خواہ ترقی ریکارڈ کی ہے جوطویل عرصے سے التوأمیں پڑے تھے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ سال کے دوران ضلع میں تقریبا ً تمام سڑکوں پر میکڈم بچھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ مختلف سکیموں کی عمل آوری کے سلسلے میں تن دہی اور لگن سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ممبر پارلیمنٹ شمشیر سنگھ منہاس نے اس موقعہ پر باقاعدگی سے ڈشا میٹنگوں کو منعقد کرنے پر روشنی ڈالی ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت طبی بنیادی ڈھانچے ، تعلیمی شعبے ، ٹرائبل سیکٹر ،پینے کے پانی کی سہولیات و دیگر اہم شعبوں کی طرف خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے افسروں پر زور دیا کہ وہ سنسد آدرش گرام یوجنا کے تحت گنتھن گائوں کو ماڈل ولیج کے طرز پر ترقی دینے کے اقدامات کریں۔دریں اثنا ارکان قانون سازیہ نے اس موقعہ پر ریاسی ، دھر ماری اور ماہور میں سٹیڈیم تعمیرکرانے کا مطالبہ کیا۔