راجہ ہری سنگھ پارک جموں میں ٹیوب ویل کا افتتاح جموں مشرق میںچھ ٹیوب ویل تعمیر کئے جائیں گے:شیام چوہدری

جموں//وزیر برائے صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول شام لال چودھری نے آج مہاراجہ ہری سنگھ پارک جموں میں ٹیوب ویل کا افتتاح کیا ۔ٹیوب ویل جے اینڈ کے اکنامک ری کنسٹریکشن ایجنسی کی جانب سے دو کروڑ روپے کی لاگت سے نصب کیا گیا ہے ۔ رُکنِ قانون ساز اسمبلی جموں ایسٹ راجیش گپتا ، چیف انجینئر صحت عامہ جموں کے علاوہ مقامی لوگوں کی بھاری تعداد اس موقعہ پر موجود تھی ۔ ٹیوب ویل کا افتتاح کرنے کے بعد مقامی لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ اس کی تنصیب سے گُجر نگر واٹر سپلائی سکیم کی توسیع ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیوب ویل فی گھنٹہ 39000 گیلن پانی فراہم کرے گا ۔ اس طرح گُجر نگر واٹر سپلائی سکیم کی فی گھنٹہ 30 لاکھ گیلن کی موجودہ مقدار میں یومیہ 7 لاکھ گیلن کا اضافہ ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ اب گُجر نگر ، کرسچن کالونی ، چاند نگر ، ڈی پی ایس سے متصل علاقوں ، ریذڈنسی روڈ ، محلہ دلپتیاں م کھٹیکاں تالاب ، محلہ رام دسیاں ، پیر کھو اور وی آئی پی علاقوں کیلئے معقول پانی کی ترسیل بہم رہے گی ۔ شام چودھری نے کہا کہ شہر کے ان علاقوں میں پانی کی ترسیل میں مزید اضافہ کرنے کیلئے چھ اور ٹیوب ویل نصب کئے جائیں گے ۔ ایم ایل اے راجیش گپتا نے وزیر اعلیٰ کی مداخلت پر علاقے میں ٹیوب ویل کی تنصیب کیلئے اُن کا شکریہ ادا کیا ۔