احتجاجی مظاہروں کے خدشات کے پیش نظر سرینگر پائین شہر میں سخت ترین بندشیں تاریخی جامع مسجد سرینگر میں مسلسل چوتھے مرتبہ نماز جمعہ ادا نہ ہوسکی

20SRNP8:-SRINAGAR, OCTOBER 20 (UNI) Security vehicle patrolling at Nowhatta Chowk outside the historic Jamia Masjid in Srinagar on Friday where curfew like restrictions has been imposed to prevent any violence following call for holding protests by separatists against braid chopping incidents in the Kashmir valley.

 

اڑان نیوز
سرینگر//سخت ترین بندشوں کے بیچ تاریخی جامع مسجد سرینگرمیں مسلسل چوتھی باربھی نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر میں نا معلوم افراد کی طرف سے خواتین کی چوٹیاں کاٹنے کے واقعات کے خلاف مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے نماز جمعہ کے بعد صدائے احتجاج بلند کرنے کی کال کے پیش نظر احتجاجی مظاہروں کے خدشات اور امن و امان کی صورتحال کو بنائے رکھنے کیلئے پائین شہر میں بندشوں کا نفاذ عمل میں لایا گیا تھا جس کے نتیجے میں سرینگر کے شہر خاص میں سخت ترین کرفیو اور بندشیں عائد کی گئی تھی جبکہ اہم راستوں کو خار دار تاروں سے سیل کر دیا گیا تھا ۔سخت ترین بندشوں کے باعث تاریخی جامع مسجدمیں مسلسل چوتھے جمعہ کو بھی نماز جمعہ ادا نہ ہوسکی۔ شہر خاص کے نوہٹہ میں واقع تاریخی جامع مسجد کی طرف جانے والی تمام سڑکوں کو خاردار تار سے سیل کردیا گیا ۔تاریخی جامع مسجد کو ارد گرد فورسز کی بھاری جمعیت کو تعینات کیا گیا تاکہ لوگ جامع مسجد کی طرف نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے نہ جاسکے۔جامع مسجد کے اردگرد رہائش پذیر لوگوں نے بتایا،ہمیں جامع مسجد کے اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ‘۔ ایک مقامی رہائشی نے فون پر بتایا ’یہ مسلسل چوتھے دفعہ ہے کہ جب ہمیں مسجد کے اندر نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔سرینگر کی اس تاریخی و مرکزی جامع مسجد میں ہر جمعہ کو ہزاروں کی تعداد میں لوگ وادی کے مختلف علاقوں سے آکر نماز جمعہ ادا کرتے ہیں۔