بھارت پر رہائشی علاقوں کو نشا نہ بنانے کا الزام 2کوٹلی ، پونچھ سیکٹر میں بچے جاں بحق، 3 زخمی:پاکستان

نیوز ڈیسک
اسلام آباد //پاکستان نے الزام لگایا ہے کہ بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلااشتعال اور اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 2 بچے جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فورسز نے ضلع کوٹلی اور پونچھ کے مختلف سیکٹرز میں بلااشتعال فائرنگ کی، جس میں شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر ولید انور کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں نکیال سیکٹر کے بالاکوٹ گاو¿ں میں 6 سالہ عائقہ رمضان زخمی ہوئی۔ بعد ازاں بھارتی فوج نے نکیال میں گولہ باری کی۔سہ پہر کو تقریباً ساڑھے 3 بجے بھارتی پوسٹ کی طرف سے گاو¿ں کھارا ڈھیری میں گولیوں کی بوچھاڑ کی گئی جس سے 9 سالہ سعد چوہدری کو سر میں گولی لگی اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔تقریباً پونے 4 بجے دھاروٹی گاو¿ں کے کبیر حسین کے گھر مارٹر گولہ آکر گرا جس سے ان کے 3 بچے قرت العین، معین اسلام عرف ہمایوں اور سمیع الرحمٰن زخمی ہوئے۔زخمیوں کو کوٹلی کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال (ڈی ایچ کیو) منتقل کیا گیا جہاں ہمایوں جانبر نہ ہوسکا۔بچے کے جاں بحق ہونے کی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر طارق محمود نے تصدیق کی۔ڈاکٹر طارق محمود کا کہنا تھا کہ جمعہ کے روز نکیال سیکٹر کے لانجوٹ گاو¿ں میں 45 سالہ شخص سکندر حیات بھی زخمی ہوا تھا، جنہیں ڈی ایچ کیو منتقل کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ بھارت فوج نے راولا کوٹ۔ پونچھ کراسنگ پوائنٹ کو بھی نشانہ بنایا۔