بفلیاز کے نوجوانوں کا اجلاس، مختلف مسائل پر غور و خوض

رشید زرگر
سرنکوٹ//بفلیاز بلاک کے بے روز گار نوجوانوں کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف مسائل زیر ِ بحث لائے گئے۔ اطلاع کے مطابق اجلاس میں بے روزگاروں کو درپیش مسائل جن میں روزگار کے مواقع نہ ہونے، مقامی سطح پر درپیش مشکلات پر بات چیت کی گئی۔ نوجوانوں نے کہا کہ آدھار کارڈ نہ بننے سے انہیں دشواریوں کا سامنا ہے اور آدھار بنانے کا عمل انتہائی دشوار اور سست ہے جس میں کئی ماہ لگ جاتے ہیں۔نوجوانوں نے کہا کہ ایسا ہی نئے راشن کارڈوں کے اجرا میں ہو رہا ہے۔نوجوانوں کا کہنا تھا کہ پرنائی پروجیکٹ پر کام کی رفتار انتہائی سست ہے جس سے علاقہ میں کام کاج اور ترقی متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرے اور پرنئی پروجیکٹ انتظامیہ کو ہدایت کرے کہ وہ مقامی بے روزگار نوجوانوں کی بھرتی عمل میں لائے۔ ان کا کہنا تھا کہ آدھار اور راشن کارڈ کے نظام کو زیادہ موثر، شفاف اور آسان بنایا جائے اور آدھار بنانے والی مزید ٹیمیں مقرر کی جائیں۔