ریاستی ہاکی کو نا قابلِ تلافی نقصان معروف کوچ شام لال سڑک حادثہ میں ہلاک ، تین خواتین کھلاڑی زخمی

عامر سہیل
منجا کوٹ// رےاستی ہاکی کو پیر کے روز اس وقت نا قابلِ تلافی نقصان پہنچا جب ریاستی ٹےم کے کوچ شام لال پونچھ کی طرف جاتے ہوئے ایک حادثہ میں ہلاک ہو گئے ۔ اس حادثہ میں ریاست کی سینئر خواتین ہاکی ٹیم کی 3کھلاڑی بھی زخمی ہو گئیں ۔ ذرائع کے مطابق ہاکی کوچ شام لال اور ریاستی خواتین سینئر ہاکی ٹیم کی تین کھلاڑی جموں سے پونچھ کی طرف ایک ویگن آر کار زیر نمبر JK14-5542میں محو ِ سفر تھے کہ پیر کی صبح پونے 6جے کے قریب گاڑی کو منجا کوٹ کے دہری رلیوٹ کے قریب پتڑاڑہ کے مقام پر حادثہ پیش آگیا ۔ پولیس کے مطابق مقامی لوگوں نے تمام زخمیوں و منجا کوٹ ہسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے شام لال شرما ولد آنجہانی ہر چند عمر 65سال سکنہ پاور ہاﺅس پونچھ کو مردہ قرار دیا جب کہ تین زخمی خواتین کھلاڑیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کر نے کے بعد ضلع ہسپتال راجوری منتقل کر دیا گیا ۔ خواتین کھلاڑیوں کی شناخت ماہیکا منی دختر پنکج کمار عمر 17سال سکنہ پونچھ ، ابھیلوﺅ کور دختر کھرپال عمر 17سال سکنہ پونچھ اور ہر میت کور دختر نانک سنگھ عمر 17سال سکنہ پونچھ کے طور پر ہوئی ہے ۔ زخمی خواتین کھلاڑیوں نے بتایا کہ وہ رانچی میں ریاست کی نمائندگی کر نے کے بعد گزشتہ دیر رات جموں واپس لوٹے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ پیر کے روز ان کے سالانہ امتحانات کے پریکٹیکل تھے ، اس لئے انہوں نے اس میں شرکت یقینی بنانے کے لئے نصف شب ہی جموں سے پونچھ کی طرف سفر شروع کر دیا ۔ انہوں نے بتایا کہ پتراڑہ کے مقام پر اچانک گاڑی بے قابوب ہو گئی اور وہ سڑک سے لڑھک گئی ۔ اس دوران پونچھ میں نامور و ہر دلعزیز ہاکی کوچ شام لال شرماکی حادثہ میں مو ت کی خبر سن کر صف ِ ماتم بچھ گئی ۔ بالخصوص نوجوان ہاکی کھلاڑیوں کو کافی صدمہ پہنچا ۔ کئی سیاسی و سماجی تنظیموں و شخصیتوں نے ان کی چانک موت پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے ۔ ممبر اسمبلی شاہ محمد تانترے ، ممبر قانون ساز کونسل پردیپ شرما، ممبر قانون ساز کونسل شہناز گنائی ، سابق ایم ایل سی جہانگیر میر ، سابق ممبران اسمبلی اعجاز جان و بشیر ناز ، تاج میر اور دیگر ان نے ان کی موت کو نہ صرف پونچھ بلکہ پوری ریاست کے لئے نا قابلِ تلافی نقصان قرار دیا ہے ۔ انہوں نے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کی ہے ۔