پاکستانی مقبوضہ کشمیر بھی جلد ہمارے ساتھ ہوگا:وزیر داخلہ

مظفر نگر//’’کشمیر ہمارا ہے اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر بھی جلد ہمارا ساتھ ہوگا ‘‘ کا نعرہ لگاتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی والی سرکار نے جموں کشمیر سے دہشت گردی کا مکمل صفایا کیا ۔ انہوںنے کہا کہ ہماری سرکار نے پاکستان میں گھس کر حملہ کیا ۔ وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ نریندر مودی کو تیسری بار وزیر اعظم بنائیں اور ہندوستان تیسری بڑی معیشت بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے ہندوستان کو خوشحال بنانے کا کام کیا ہے۔ مظفر نگر میں ایک انتخابی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے زور دیکر کہ کشمیر ہمارا ہے۔ انہوں نے کہا ’’  مودی کی گارنٹی ہے کہ جموں کشمیر بھارت کے ساتھ مکمل ضم ہو گیا ، اب پاکستانی زیر انتظام کشمیر کی باری ہے امیت شاہ نے کہا ’’وزیر اعظم نریندر مودی نے کشمیر میں دہشت گردی کو ختم کرنے کا کام کیا۔ اس نے قوم کو محفوظ اور خوشحال بنایا ہے‘‘ ۔انہوں نے کہا ’’مودی جی نے پاکستان میں داخل ہو کر اور سرجیکل اسٹرائیک اور ہوائی حملے کرکے دہشت گردوں کو ختم کرنے کا کام کیا ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی ملک کو مضبوط بنانے کی کوششیںہے۔گھمنڈیا اتحاد کا مقصد اپنے خاندان کے لوگوں کو وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ بنانا ہے۔ جبکہ مودی جی کا مقصد ملک کے کسانوں، غریبوں، مزدوروں، دلتوں اور قبائلیوں کو مضبوط کرنا اور انہیں اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے۔شاہ نے اپنے دور اقتدار میں ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کو مبینہ طور پر روکنے کے لئے ہندوستانی بلاک پر مزید حملہ کیا۔’’گھمنڈیا اتحاد کے لوگ کبھی نہیں چاہتے تھے کہ ایودھیا میں رام مندر بنے۔ کانگریس نے رام جنم بھومی کے معاملے کو 70 سال تک روکے رکھا، لٹکایا اور گمراہ کیا۔ مودی جی نے نہ صرف مقدمہ جیتا، بھومی پوجن کیا اور 22 جنوری کو رام للا کی پران پرتیشتھا بھی کی۔یہ انتخاب مودی جی کو تیسری بار وزیر اعظم بنانے کیلئے ہے۔ مودی جی نے غریبوں اور کسانوں کی بہتری کے لیے بہت کام کیا ہے۔‘‘انہوں نے کہا ’’ سابق وزیر اعظم جواہر لال نہرو نے کشمیر میں دفعہ 370 لگا کر غلطی لیکن ہم نے اس غلطی کو ٹھیک کر دیا اب ہمارا دعویٰ ہے کہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر کو بھارت میں ضم کیا جائے گا ‘‘۔