عیدالفطر، نواترا اور بیساکھی تہوار وں کیلئے انتظامات منوج سنہا نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں جائزہ لیا

اُڑان نیوز سروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آنے والے عیدالفطر، نوراترا اور بیساکھی تہواروں کے لئے متعلقہ محکموں اور ایجنسیوں کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے کل ایک اعلی سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری اَتل ڈولو،ڈی جی پی آر آر سوائن، ڈی جی پی، اے ڈی جی پی آرمڈ لأ اینڈ آڈر وِجے کمار، اے ڈی جی پی جموں آنند جین، انتظامی سیکرٹریوں،صوبائی کمشنروں ، ضلع ترقیاتی کمشنروں ، سول اور پولیس اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران نے شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے ضلع ترقیاتی کمشنروں اور ایس ایس پیز کو ہدایت دی کہ وہ اہم مقدس مقامات کا دورہ کریں اور تہواروں کے پُرامن اور خوش اَسلوبی سے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اَقدامات کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق تمام انتظامات کئے جانے چاہئیں۔اُنہوںنے سیکورٹی کے مناسب اِنتظامات، ٹریفک اِنتظامات ،پارکنگ مقامات کی نشاندہی، نوٹیفائیڈ نرخوں پر اَشیائے ضروریہ کی دستیابی، باقاعدگی سے مارکیٹ اِنسپکشن کے لئے ٹیموں کی تشکیل، پانی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی، طبی سہولیات، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز اور صفائی ستھرائی کے اِنتظامات کی ہدایت دی۔